شمالی بھارت

جرائم سے نمٹنا ریاستوں اور مرکز کی اجتماعی ذمہ داری: امیت شاہ

وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ بین سرحدی جرائم سے موثر طورپر نمٹنا ریاستوں اور مرکز کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

سورج کنڈ:ہریانہ: وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ بین سرحدی جرائم سے موثر طورپر نمٹنا ریاستوں اور مرکز کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے یہاں کہا کہ ہمارے دستور میں نظم وضبط ایک ریاستی موضوع ہے لیکن ہم بین سرحدی اور ماورائے سرحد جرائم کے خلاف اسی وقت کامیاب ہوسکتے ہیں جب تمام ریاستیں مل جل کر اس کے بارے میں غور کریں‘ ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کریں اور انہیں کچلنے کی کوشش کریں۔

امیت شاہ 2 روزہ چنتن شیور سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد ویژن 2047 اور پنچ پران پر عمل آوری کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔ ان دونوں منصوبوں کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی کی یوم ِ آزادی کے موقع پر کی گئی تقریر میں کیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی سرحدوں یا ریاستوں کی سرحدوں کے پار سے انجام دیئے جانے والے جرائم یا علاقائی جرائم سے موثر طورپر نمٹا ریاستوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ سماج کو خوف سے پاک بنایا جاسکے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہمیں وسائل کو منطقی بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ہو‘ شمال مشرق ہو یا منشیات کی اسمگلنگ ہو‘ مودی حکومت نے داخلی سلامتی کے تمام محاذوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں میں انسداد ِ دہشت گردی کی حکمت عملی کے طورپر قومی تحقیقاتی ایجنسی کے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔

امیت شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہماری داخلی سلامتی کو مضبوط تصور کیا جاتا ہے۔ ملک کے اتحاد و یکجہتی کو مستحکم رکھنے پولیس اور مرکزی مسلح پولیس فورسس(سی اے پی ایف) کے 35 ہزار ارکان نے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق غیربی جے پی ریاستوں کے بیشتر چیف منسٹرس جن کے پاس محکمہ داخلہ کے قلمدان ہیں‘ آج یہاں مرکز کی جانب سے منعقدہ تمام ریاستوں کے وزرائے داخلہ کی میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔

غیر بی جے پی چیف منسٹروں میں جن کے پاس داخلہ کے قلمدان ہیں‘ ان میں ممتا بنرجی(مغربی بنگال)‘ نتیش کمار(بہار)‘ نوین پٹنائک (اوڈیشہ) اور ایم کے اسٹالن(ٹاملناڈو) شامل ہیں۔ صرف 2 غیربی جے پی چیف منسٹرس بشمول پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت مان اور کیرالا کے پی وجین شامل ہیں‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی زیرصدارت کانفرنس میں شرکت کی۔ باقی غیربی جے پی ریاستوں کی نمائندگی کسی کابینی وزیر یا مملکتی وزیر نے کی۔

منوہرلال کھٹر‘ یوگی آدتیہ ناتھ‘ ہیمنت بسوا شرما اور دیگر چیف منسٹرس بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔