مہاراشٹرا

سیلاب میں پھنسے 45 افراد کو بچانے کی کوششیں جاری

مشرقی مہاراشٹرا کے ضلع ایوت محل کی تحصیل مہاگاؤں کے ایک موضع میں 45 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) انہیں بچانے میں لگی ہے۔

ایوت محل: مشرقی مہاراشٹرا کے ضلع ایوت محل کی تحصیل مہاگاؤں کے ایک موضع میں 45 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) انہیں بچانے میں لگی ہے۔

عہدیداروں نے ہفتہ کی شام یہ بات بتائی۔ ہندوستانی فضائیہ کے 2 ہیلی کاپٹرس پہنچ چکے ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے سکیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے ٹویٹ کیا کہ مہاگاؤں تحصیل کے آنند نگر تانڈہ میں 45 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ ناگپور سے تقریباً 150 کیلو میٹر دور واقع ضلع میں جمعہ کی صبح سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔

کئی علاقوں میں سیلاب آگیا ہے اور لوگوں کو وہاں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔ مہاگاؤں تحصیل میں کل آدھی رات سے آج صبح تک 231 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ ضلع میں 117.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ضلع سے گزرنے والی دریا پین گنگا میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ ایوت محل شہر کی بعض سڑکیں بھی زیرآب آگئی ہیں۔ ضلع بلڈھانہ کی سنگرام پور تحصیل کے کیسر گاؤں سے بھی تقریباً 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔