کرناٹک

شوہر کی موت‘ خاندان کا زچہ اور بچے کو قبول کرنے سے انکار

اس جوڑے نے اڈپی میں مکان کرایہ پر لیا اور رہنے لگے۔ جمعرات کو ایپا نے سینے میں درد کی شکایت کی جس کے بعد اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ تاہم اسی دن قلب پر حملے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔

اڈپی: ایک دلخراش واقعہ میں ایک شخص کے خاندان نے اس کے20دن کے بچے اور بیوہ(جو زچہ ہے) کو قبول کرنے سے انکار کردیا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس جوڑے نے محبت کی شادی کی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اڈپی کا ہے۔

باگلکوٹ ضلع کے بادامی شہر کے 28سالہ ایپا کو گنگاتی شہر کی ایک خاتون سے محبت ہوگئی اور شادی کرلی۔ پیشہ سے میکانک ایپا اور خاتون کے ارکان خاندان نے اس شادی کی مخالفت تھی۔ اس جوڑے نے والدین کی مرضی کے خلاف دو سال قبل شادی کی۔

 اس جوڑے نے اڈپی میں مکان کرایہ پر لیا اور رہنے لگے۔ جمعرات کو ایپا نے سینے میں درد کی شکایت کی جس کے بعد اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ تاہم اسی دن قلب پر حملے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔ جب ایپا کی موت کی خبر اس کے گھر والوں کو دی گئی تو اس کے والدین اس کی نعش لینے کے لیے تو تیار ہوگئے مگر اس کی بیوی اور بچے کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

 چوں کہ خاتون کے گھر والے بھی اس کے دشمن ہیں، اب اس کی مدد کے لیے کوئی نہیں ہے۔ پولیس نے کہا کہ وہ زچہ اور بچہ کے لیے مدد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔