پیلٹ گن فائرنگ کے متاثرہ نوجوان ساحل کے ساتھ راہول گاندھی کا پولیس اسٹیشن پر دھرنا
راہل گاندھی کے ساتھ 19 سالہ ساحل لوچو بھی پولیس اسٹیشن پہنچے، جن کے جسم پر مبینہ طور پر پیلٹ گن کے زخم آئے ہیں۔ راہل گاندھی نے ساہل کی جانب سے دی گئی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی نے آج دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں دھرنا دیا اور 20 جولائی کو ہونے والے سی جے پی احتجاج کے دوران مبینہ پیلٹ گن فائرنگ کے واقعہ پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ پُرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے دفتر میں کافی دیر تک بیٹھ کر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
راہل گاندھی کے ساتھ 19 سالہ ساحل لوچو بھی پولیس اسٹیشن پہنچے، جن کے جسم پر مبینہ طور پر پیلٹ گن کے زخم آئے ہیں۔ راہل گاندھی نے ساہل کی جانب سے دی گئی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ساحل پہلے مندر مارگ پولیس اسٹیشن گئے تھے، جہاں مبینہ طور پر ان کی شکایت درج نہیں کی گئی۔ اس کے بعد راہل گاندھی انہیں اپنے ساتھ پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن لے گئے۔
دھرنے میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود رہے۔
راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ پیلٹ گن کے استعمال کے معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
راہول گاندھی کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یعنی ایمس کی رپورٹ میں ساہل کے جسم میں تقریباً 200 پیلٹس موجود ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ تین پیلٹس آنکھ میں داخل ہوئے ہیں۔
کانگریس نے اس واقعے کو مظاہرین کے خلاف مبینہ طاقت کے استعمال کا معاملہ قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے اور متاثرہ نوجوان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔