طبی بنیاد پر ضمانت کیلئے کجریوال زیادہ شکر والی غذائیں استعمال کررہے ہیں: ای ڈی
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال جنہیں اکسائز اسکام کیس میں گرفتار کیا گیا ہے‘ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ہونے کے باوجود زیادہ شکر والی غذائیں جیسے آم اور مٹھائیاں کھارہے ہیں تاکہ طبی بنیادوں پر ضمانت حاصل کرسکیں۔
نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال جنہیں اکسائز اسکام کیس میں گرفتار کیا گیا ہے‘ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ہونے کے باوجود زیادہ شکر والی غذائیں جیسے آم اور مٹھائیاں کھارہے ہیں تاکہ طبی بنیادوں پر ضمانت حاصل کرسکیں۔
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج یہاں ایک عدالت میں یہ دعویٰ کیا۔ جج کاویری بویجا نے اس معاملہ میں تہاڑ جیل کے حکام کو رپورٹ اور کجریوال کا ڈائٹ چارٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
کجریوال عدالت سے رجوع ہوئے ہیں اور شکر کی سطح میں کمی بیشی کی وجہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ جج نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کل تک رپورٹ داخل کریں جب اس معاملہ کی عدالت میں دوبارہ سماعت ہوگی۔
ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ کجریوال ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ہونے کے باوجود زیادہ شکر والی غذائیں جیسے آلو پوری‘آم اور مٹھائی روزانہ کھارہے ہیں۔ ای ڈی نے کہا کہ طبی بنیادوں پر ضمانت حاصل کرنے ایسا کیا جارہا ہے۔
اسی دوران جج نے چن پریت سنگھ کو 23 اپریل تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ان کی موجودہ عدالتی تحویل کی مدت ختم ہونے پر انہیں ای ڈی نے عدالت میں پیش کیا تھا۔
چن پریت سنگھ نے 2022 میں گوا اسمبلی انتخابات کے دوران عام آدمی پارٹی کے فنڈس کا انصرام کیا تھا۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ ساؤتھ گروپ کی جانب سے عام آدمی پارٹی کو بطور رشوت جو 100 کروڑ روپے موصول ہوئے تھے اس کا ایک بڑاحصہ گوا میں ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔