تلنگانہ

غدر نے جلسہ میں راہول کو گلے لگالیا (ویڈیو)

ماؤسٹ کے سابق نظریہ ساز وانقلابی شاعر غدر جنہوں نے حالیہ دنوں غدر پرجا پارٹی قائم کی ہے، نے اتوار کے روز کھمم میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ عام میں راہول گاندھی سے گلے ملے۔

کھمم: ماؤسٹ کے سابق نظریہ ساز وانقلابی شاعر غدر جنہوں نے حالیہ دنوں غدر پرجا پارٹی قائم کی ہے، نے اتوار کے روز کھمم میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ عام میں راہول گاندھی سے گلے ملے۔

تلنگانہ گرجنا سبھا کے سہ نشین پر غدر نے اچانک حاضر ہوتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ راہول گاندھی سے مصافحہ کے بعد غدر نے انہیں گلے لگالیا اور سامعین کے پرزور نعروں کے درمیان انہوں نے کانگریس قائد کے گالوں پر بوسہ لیا۔

گاندھی نے بھی غدر کو گلے لگالیا اور انہیں اپنے بازو کی نشست پر بیٹھنے کی دعوت دی۔ جلسہ عام پہنچنے سے قبل انقلابی شاعر غدر نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کو ان کے آمرانہ رویہ پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے سی آر کے زوال کا آغاز ہوگیا ہے۔

فوری طورپر یہ بات واضح نہیں ہوپائی کہ غدر، کانگریس میں شامل ہونے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ 21 جون کو غدر نے اپنی نئی پارٹی غدر پرجا پارٹی کے قیام اور اس کے رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا میں درخواست داخل کی اور اس روز میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جماعت، عوامی رہے گی۔

سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے غدر سے کانگریس میں شامل ہونے اور سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کی خواہش کی تھی۔ غدر کے فرزند جی وی سوریہ کرن 2018 میں کانگریس میں شامل ہوگئے تھے۔

گمڈی وٹل راؤ جو عوام میں غدر کے نام سے مشہور ہیں، ایک انقلابی گیت کار اور گلوکار ہیں اور 1969-70 کی تلنگانہ تحریک کے دوران عثمانیہ یونیورسٹی میں انجینئرنگ کالج کے ایام سے ہی وہ ماوسٹوں کے ہمدرد کے طورپر جانے جاتے تھے۔ بعد ازاں 2017 میں اُنہوں نے ماوسٹوں سے ناطہ توڑنے کا اعلان کیا تھا۔