کے ٹی راما راؤ نے مدھیہ پردیش میں کھانسی کے سیرپ کے استعمال کے بعد سات بچوں کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا
انہوں نے بی جے پی کے مشہور ڈبل انجن سرکار ماڈل پر بھی تنقید کی، گجرات اور مہاراشٹرا میں بدعنوانی کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ادارہ جاتی ناکامی قرار دیا۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزارصدر کے ٹی راما راؤنے مدھیہ پردیش کے ضلع چھندورہ میں کھانسی کے سیرپ کے استعمال کے بعد سات بچوں کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ سیرپ کولڈرِف انتہائی زہریلے صنعتی کیمیکل پر مشتمل تھا۔
کے ٹی راما راؤ نے ایکس پر کہا کہ ”یہ بالکل مجرمانہ حرکت ہے”۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سیرپ کی تیاری کرنے والی کمپنی اور اجازت دینے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے، تمام ذمہ داروں کو جیل میں ڈال کر دوسروں کے لئے مثال قائم کی جائے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے وزیرِ صحت نڈاکو بھی ٹیگ کیا۔
انہوں نے بی جے پی کے مشہور ڈبل انجن سرکار ماڈل پر بھی تنقید کی، گجرات اور مہاراشٹرا میں بدعنوانی کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ادارہ جاتی ناکامی قرار دیا۔
انہوں نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گجرات میں عہدیداراقساط میں رشوت وصول کرتے ہیں اور ممبئی میں بلڈرز بلدیاتی حکام سے سودے بازی کرتے ہیں۔