جموں و کشمیر

غلام نبی آزاد آج اپنی پارٹی کا پہلا یونٹ قائم کریں گے

سروری نے کہا کہ غلام نبی آزاد کی سیاسی جماعت اگلے اسمبلی الیکشن سے قبل جموں وکشمیر کے سیاسی نقشہ میں ایک حقیقت بن جائے گی۔ امکان ہے کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا جاریہ عمل 25 نومبر کو مکمل ہونے کے بعد اسمبلی الیکشن ہوگا۔

جموں: کانگریس سے اپنی 50 سالہ وابستگی ختم کرچکے غلام نبی آزاد اتوار کے دن جموں سے اپنا نیا سیاسی سفر شروع کریں گے جہاں وہ اپنی پارٹی کا پہلا یونٹ قائم کریں گے۔ جموں میں ان کے پہلے جلسہ عام کی ساری تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ سابق چیف منسٹر کے ایک قریبی ساتھی نے یہ بات بتائی۔

دہلی سے اتوار کی صبح جموں آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ انہیں جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ (سینک کالونی) لے جایا جائے گا۔ سابق وزیر جی ایم سروری نے یہ بات بتائی۔ سروری ان 24  ممتاز ارکان اسمبلی میں ایک ہیں جو غلام نبی آزاد کی تائید میں کانگریس سے مستعفی ہوگئے۔

73 سالہ سینئر قائد امکان ہے کہ اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے۔ جموں ایرپورٹ سے جلسہ گاہ جانے والی سڑک پر خیرمقدمی ہورڈنگس اور بیانرس لگائے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں 20 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔