غیر معمولی تشدد نے عوام کی زندگیوں کو تباہ کردیا: سونیا گاندھی
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدرنشین سونیا گاندھی نے چہارشنبہ کے روز منی پور میں امن کیلئے اپیل جاری کی اور کہا کہ غیرمعمولی تشدد نے ریاست کے عوام کی زندگی کو تباہ کردیا ہے اور قوم کے ضمیر پر ایک گہرا گھاؤ چھوڑا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدرنشین سونیا گاندھی نے چہارشنبہ کے روز منی پور میں امن کیلئے اپیل جاری کی اور کہا کہ غیرمعمولی تشدد نے ریاست کے عوام کی زندگی کو تباہ کردیا ہے اور قوم کے ضمیر پر ایک گہرا گھاؤ چھوڑا ہے۔
کانگریس کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے ایک ویڈیو پیام میں انہوں نے ان تمام سے اظہار تعزیت کیا جو اپنے عزیزوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگوں کو اس جگہ سے فرار ہونے پر مجبور کیا گیا جسے وہ اپنا گھر کہتے تھے۔
انہیں اپنی زندگی بھر کی کمائی پیچھے چھوڑدینی پڑی۔ سونیا گاندھی نے اپنے پیام میں کہا کہ تقریباً 50 دن سے ہم نے منی پور میں ایک عظیم انسانی المیہ کا مشاہدہ کیا ہے، غیرمعمولی تشدد نے آپ کی ریاست میں عوام کی زندگیوں کو تباہ کردیا ہے اور ہزاروں کو بے گھر و بے سہارا کردیا ہے جس نے ہماری قوم کی ضمیر پر ایک گہرا گھاؤ چھوڑا ہے۔
ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو جو پُرامن طور پر ایک ساتھ رہتے آئے تھے، انہیں ایک دوسرے کا مخالف بنتے ہوئے دیکھنا دلخراش ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ منی پور کی تاریخ ہر نسل، مذہب اور پس منظر کے لوگوں کو اپنالینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔