آندھراپردیش

قبائیلی پر پیشاب کرنے والے 6 ملزمین گرفتار۔ اصل ملزم مفرور (تفصیلی خبر)

آندھراپردیش کے ضلع پر کاشم کے اونگول سے پولیس نے ایک قبائلی شخص پر پیشاب کرنے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

اونگول(اے پی): آندھراپردیش کے ضلع پر کاشم کے اونگول سے پولیس نے ایک قبائلی شخص پر پیشاب کرنے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

متعلقہ خبریں
گجویل ٹاؤن میں صورتحال پرامن، 11افراد گرفتار

بتایا جاتا ہے کہ ایک لڑکی کے ساتھ تعلقات کے بنا پر جملہ8 افراد نے یہ شرمناک حرکت کی ہے۔ پولیس نے چہارشنبہ کے روز یہ بات بتائی۔

مانم رامانجینلو اور 8 دیگر افراد نے 19 جون کو متاثرہ موٹا نوین کو زدو کوب کرنے کے بعد اس قبائیلی نوین پرپیشاب کیا تھا۔ ان 8ملزمین میں دو کمسن بتائے گئے ہیں جبکہ راما نجینلو مفرور بتایا گیا ہے۔

رام انجینلو اور نوین آپس میں دوست تھے مگر آخر الذکر کے ایک لڑکی کے ساتھ تعلقات بتائے گئے جو رام انجینلو کی دوست بتائی گئی ہے جس کے سبب ان دونوں دوستوں میں دشمنی پیدا ہوگئی۔

ضلع ایس پی پرکاشم یمکا گارک نے یہ بات بتائی۔ لڑکی کے ساتھ فرار ہونے کے بعد نوین کے خلاف پوکسو کے تحت کیس درج کیا گیا اور بعد گرفتاری اسے جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم نوین کا اس لڑکی کے ساتھ بدستور افیئر جاری رہا جس سے رام انجینلو برہم ہوگیا۔

اب دوستی، مخاصمت میں بڑھتی گئی اور دونوں میں بات چیت بھی ختم ہوگئی۔ چند دنوں بعد رام انجینلو نے معاملہ کی یکسوئی کا وعدہ کرتے ہوئے نوین کو طلب کیا اور دونوں نے شراب نوشی کی بعدازاں انجینلو اور اس کے دوستوں نے نوین پر حملہ کردیااور ان ملزمین نے نوین کے چہرہ پر پیشاب بھی کردیا۔

حملہ کے بعد نوین نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور علاج کیلئے اسے ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا لیکن اس نے اس کیس کی پیروی نہیں کی اور اس نے پیشاب کرنے کے واقعہ کا بھی پولیس سے تذکرہ نہیں کیا تاہم پولیس نے اپنی تحقیقات میں شدت پیدا کردی۔

ایس پی گارک نے کہا کہ ویڈیو میں نوین پرپیشاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اپنی تحقیقات میں شدت پیدا کردی اور نوین چونکہ قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھتا ہے اس لئے اس پر پیشاب کرنے والوں کے خلاف پولیس نے از خود کاروائی کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف ایس سی / ایس ٹی اٹراسٹی کیس درج کرلیا ہے۔

ضلع ایس پی گارک نے کہا کہ یہ پہلے سے طئے شدہ ذات پات کے تعصب کا معاملہ نہیں تھا۔ یہ تمام آپس میں دوست تھے۔ رام انجینلو اور نوین مل کر کئی سنگین جرائم کا ارتکاب کرچکے ہیں۔ ان کے خلاف ہسٹری شیٹ کے بشمول 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے رام انجینلو کی تلاش شروع کردی ہے۔

a3w
a3w