لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا موضوع ہندوستان خالصتان ہوگا: سنجے راؤت
آئندہ لوک سبھا انتخابات2024ء میں بی جے پی کا موضوع کیا ہوگا، اس بارے میں شیوسینا ادھو ٹھاکر گروپ کے لیڈر اور ایم پی سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ اس الیکشن میں ہندوستان۔پاکستان نہیں بلکہ ہندوستان خالصتان موضوع ہوگا۔
ممبئی: آئندہ لوک سبھا انتخابات2024ء میں بی جے پی کا موضوع کیا ہوگا، اس بارے میں شیوسینا ادھو ٹھاکر گروپ کے لیڈر اور ایم پی سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ اس الیکشن میں ہندوستان۔پاکستان نہیں بلکہ ہندوستان خالصتان موضوع ہوگا۔
ایم پی سنجے راؤت نے کہا کہ آج ہمارے ہائی کمشنر کو برطانیہ میں گردوارہ جانے سے روکا جاتا ہے۔ کینیڈا میں ہمارے مندروں پر حملہ ہورہا ہے۔ خالصتان مسئلہ کی کینیڈا میں شروعات ہوئی پھر بھی یہ برطانیہ میں آگیا۔ آہستہ آہستہ یہ دہلی تک آجائیں گے اور 2024 تک اسے انتخابی موضوع کے طور پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ 2014 لوک سبھا انتخابات سے یعنی کہ دو بار سے مسلسل بی جے پی اقتدار میں ہے۔ اس بار بی جے پی اور مودی کو مرکز سے ہٹانے کے لیے اپوزیشن کی سبھی پرٹیاں ایک بینر تلے آگئی ہیں۔ انڈیا‘ اپوزیشن اتحاد کا نام ہے۔ وہیں اکثریت کی حامل بی جے پی حکومت بھی اپوزیشن کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کررہی ہے۔
وہ این ڈی اے کی بھولی بسری سبھی جماعتوں کو ساتھ لانے میں مصروف ہوگئی ہے۔ اب آئندہ لوک سبھا انتخابات 2024ء انڈیا بمقابلہ این ڈی اے ہونے والا ہے۔ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ میدان کو کون فتح کرتا ہے۔ دریں اثناء ریاست میں مراٹھا طبقہ پر مظالم پر ریاست کے سیاستداں ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ملنڈ میں شیوسدن سوسائٹی میں ایک مراٹھی خاتون کو جگہ نہ دینے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ جس سے مہاراشٹرا کی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اس پر سنجے راؤت نے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے اور بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔
سنجے راؤت نے کہا کہ ”مہاراشٹرا میں مراٹھی لوگوں کی اس حالت کے لیے ایکناتھ شنڈے اور بی جے پی ذمہ دار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شیوسینا کمزور ہوئی۔ ممبئی میں مراٹھی لوگوں کی آواز اور طاقت ختم کرنے کے لیے ہی بی جے پی نے شیوسینا کو توڑا ہے۔ اصل شیوسینا کو توڑنے کی وجہ یہ ہے کہ ممبئی اور مہاراشٹرا میں مراٹھی لوگو ں کی آواز دبا دی جائے گی۔ ایکناتھ شنڈے اور ان کے لوگ بے ایمان ہیں،اس واقعہ کے لیے سبھی ذمہ دار ہیں۔