کھیل

معین علی کو انگلینڈ کا کپتان بنانے کا امکان

معین علی کو دورہ پاکستان پر انگلینڈ ٹیم کا کپتان بنایا جاسکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز انگلینڈ کیلئے بہت اہم ہے۔

لندن: انگلینڈ کی ٹیم 17 سال کے طویل وقفے کے بعد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنے جارہی ہے۔ تاہم اس سیریز کے آغاز سے قبل ہی انگلینڈ کو بڑا دھکا لگاہے۔ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر زخمی ہیں اور دورہ کے آغاز سے قبل ان کے صحت یاب ہونے کے امکانات کم ہیں۔

معین علی کو دورہ پاکستان پر انگلینڈ ٹیم کا کپتان بنایا جاسکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز انگلینڈ کیلئے بہت اہم ہے۔

انگلینڈ پاکستان کیخلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ انگلینڈ کے لیجنڈ کھلاڑی جانی بیرسٹو اور بین اسٹوکس کو اس سیریز سے آرام دیا جاسکتا ہے۔ تاہم پاکستان اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہے۔ پاکستان میں سیلاب کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

سیلاب کے باوجود انگلینڈ کے دورہ پاکستان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ یہی نہیں 2005 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ گزشتہ 17 سال سے انگلینڈ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان کا دورہ روک رکھا تھا۔ تاہم اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کئی سیریز کھیلی جاچکی ہیں۔

انگلینڈ گزشتہ سال بھی پاکستان میں دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جا رہا تھا۔ لیکن یہ سیریز آخری وقت پر منسوخ کردی گئی۔ معین کی بات کریں تو مورگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیاتھا۔

معین علی کو بھی پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔ معین علی پاکستان سوپر لیگ کا حصہ ہیں۔ معین علی پہلے ہی بتاچکے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر انگلینڈ کیلئے کھیلنا ان کا خواب ہے۔