سوشیل میڈیایوروپ

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم چل بسیں

بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

لندن: بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملکہ آج سہ پہر بالمورال میں انتقال کر گئیں۔ ان کے بڑے صاحبزادے 73 سالہ چارلس خود بخود متحدہ برطانیہ کے بادشاہ بن گئے ہیں، جو آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ سمیت دیگر 14 ریاستوں کا سربراہ ہوتا ہے۔

قبل ازیں، ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو ڈاکٹروں نے طبی نگرانی میں رکھا تھا جبکہ شاہی خاندان اسکاٹ لینڈ پہنچ گیا تھا جس پر برطانوی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تشویش میں اضافہ ہوا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا تھا کہ برطانیہ کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی 96 سالہ ملکہ برطانیہ گزشتہ اکتوبر سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، انہیں چلنے اور کھڑے ہونے میں مشکلات درپیش ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کے بچے پہلے سے ہی بالمورل کی طرف روانہ ہو چکے تھے، جن میں ولی عہد 73 سالہ شہزادہ چارلس، 72 سالہ شہزادی عینی، 72 سالہ شہزادہ اینڈریو اور 58 سالہ شہزادے ایڈورڈ شامل ہیں۔ان کے ہمراہ شہزادہ چارلس کے بڑے صاحبزادے شہزادہ ولیم، ان کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن بھی شامل ہیں، جو شاہی زندگی کو ترک کر کے امریکہ جانے کے بعد غیر معمولی دورے پر برطانیہ آئے ہیں۔ملکہ برطانیہ سب سے زیادہ عرصے تک حکمرانی کا اعزاز بھی اسی مہینے حاصل ہوا اور 6 فروری کو تخت نشینی کے 70 سال مکمل ہوئے تھے۔

وہ 1952 میں اپنے والد کنگ جارج ششم کی جانشین بنی تھیں۔نئی برطانوی وزیراعظم لزٹرس نے ٹوئٹ کیا کہ بکنگھم پیلس سے آنے والی خبروں سے پورا ملک سخت پریشان ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیالات، برطانیہ کے لوگوں‘ ملکہ برطانیہ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ملکہ الزبتھ دوم کا قریبی خاندان جمعرات کو اسکاٹ لینڈ پہنچ گیا جب ڈاکٹروں نے 96 سالہ ملکہ برطانیہ کو طبی نگرانی میں رکھا جس سے برطانوی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تشویش میں اضافہ ہوا۔بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ آج صبح مزید تشخیص کے بعد ملکہ برطانیہ کے ڈاکٹر ان کی صحت کے لیے فکر مند ہیں، اور انہیں طبی نگرانی میں رکھنے کی تجویز دی ہے۔یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اکتوبر 2021 کو دنیا کی معمر ترین ملکہ کا اعزاز حاصل کرنے والی ملکہ برطانیہ 95 سالہ الزبتھ دوم نے ناسازی طبیعت کے باعث برسوں بعد پہلی رات ہسپتال میں گزاری تھی۔

بکھنگم پیلس کے مطابق 20 اکتوبر کو ملکہ کے طبی عملے کی جانب سے انہیں آرام کرنے کی تاکید کے بعد ان کا شمالی آئرلینڈ کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا لیکن ان کی بیماری کا تعلق کورونا وائرس سے نہیں تھا۔بیان میں برطانوی شاہی محل نے کہا تھا کہ‘کچھ دن آرام کرنے کے طبی مشورے کے بعد ملکہ الزبتھ دوم، کچھ ابتدائی معائنے کے لیے چہارشنبہ کی سہ پہر ہسپتال گئی تھی اور آج دوپہر کے کھانے کے وقت ونڈسر محل واپس آگئیں اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔