بھارتسوشیل میڈیا

مہرولی قتل کیس: پیر کو آفتاب کے نارکو ٹسٹ کا امکان

اپنی لیو اِن پارٹنر شردھا والکر کو ہلاک کرنے کے ملزم آفتاب امین پونا والا کا نارکو انالیسس ٹسٹ (جھوٹ پکڑنے کا ٹسٹ) روہینی کے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر ہاسپٹل میں امکان غالب ہے کہ پیر کو ہوگا۔

نئی دہلی: اپنی لیو اِن پارٹنر شردھا والکر کو ہلاک کرنے کے ملزم آفتاب امین پونا والا کا نارکو انالیسس ٹسٹ (جھوٹ پکڑنے کا ٹسٹ) روہینی کے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر ہاسپٹل میں امکان غالب ہے کہ پیر کو ہوگا۔ اس کی 5 روزہ پولیس تحویل منگل کو ختم ہورہی ہے۔

دہلی پولیس کے پاس کم وقت رہ گیا ہے۔ آفتاب کا نارکو ٹسٹ اُسی وقت ہوگا جب وہ پری نارکوٹسٹ میں فٹ رہے۔ ذہنی حالت کا پتہ چلانے پہلے یہ ٹسٹ کیا جاتا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ابھی تک ہم سے اس ٹسٹ کی درخواست نہیں کی ہے لیکن ریمانڈ اگر منگل کو ختم ہورہا ہے تو ہم عدالت کے احکام کی تعمیل کریں گے۔

نارکو ٹسٹ میں ایف ایس ایل ٹیم بھی شامل ہوگی لیکن یہ اسی وقت ہوگا جب میڈیکل آفیسر رپورٹ دے کہ آفتاب جسمانی‘ ذہنی‘ جذباتی اور نفسیاتی لحاظ سے ٹھیک ہے۔ مزید برآں ان ٹسٹوں میں وقت لگتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اس کیس میں ہمیں پتہ نہیں ہے کہ آیا ملزم کو کوئی بیماری ہے یا کوئی جذباتی مسئلہ درپیش ہے۔

اگر ابتدائی جانچ میں وہ فٹ نہیں پایا گیا تو نارکوٹسٹ نہیں ہوسکتا۔ اسی دوران دہلی پولیس کے عہدیداروں نے جنوبی دہلی میں آفتاب امین پوناوالا کے مکان سے تمام ملبوسات اپنے قبضہ میں لے لئے ہیں جنہیں فارنسک جانچ کے لئے بھیجا جائے گا۔

تحقیقاتی عہدیداروں کو وہ ملبوسات نہیں ملے جو 18 مئی کو آفتاب اور شردھا نے پہن رکھے تھے۔ 28 سالہ آفتاب پر الزام ہے کہ اس نے شادی کے بغیر اس کے ساتھ رہنے والی 27 سالہ شردھا کو مبینہ طورپر گلا گھونٹ کر مارڈالا اور اس کی نعش کے 35 ٹکڑے کردیئے تھے۔

جنہیں اس نے مہرولی میں لگ بھگ 3 ہفتوں تک اپنے مکان میں 300 لیٹر کے فریج میں رکھا اور کئی دن تک آدھی رات کو گھر سے باہر جاکر مختلف مقامات پر پھینکتا رہا۔

پولیس کو 13 ہڈیاں مل گئی ہیں۔ ذرائع کے بموجب جمعہ کو گروگرام سے نعش کے بعض ٹکڑے ملے۔ شردھا کا سر ابھی تک نہیں ملا ہے۔ دہلی پولیس نے جمعہ کے دن اپنی ٹیمیں مہاراشٹرا‘ ہریانہ اور ہماچل پردیش روانہ کیں۔

a3w
a3w