حیدرآباد

مہنگائی کے خلاف اندرا پارک پر کانگریس کا دھرنا

مہنگائی کیخلاف تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج اندراپارک دھرنا چوک پر احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا۔

حیدرآباد: مہنگائی کیخلاف تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج اندراپارک دھرنا چوک پر احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا۔

اس موقع پر چلو راج بھون ریالی نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے اسے ناکام بنادیا اور پولیس نے کارگزار صدرانجن کمار یادو‘مہیش کمارگوڑ‘انیل کمار یادو اور دیگر کوگرفتارکرکے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔

اندراپارک میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے کہاکہ مرکزکی بی جے پی حکومت نے پٹرول‘ڈیزل‘پکوان گیس کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے عام آدمی کی زندگی کو جہنم بنادیا ہے۔

آج سماج کا ہر طبقہ مہنگائی سے پریشان ہے جوبھی مہنگائی اورحکومت کی ناکامیوں کے خلاف آوازبلندکرتاہے مودی حکومت انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ہراساں کررہی ہے۔

صدر اے آئی سی سی سونیاگاندھی کی قیادت میں آج ملک بھر میں کانگریس کارکن‘ مہنگائی کے خلاف احتجاج منظم کررہے ہیں۔ احتجاجی جلسہ سے جی چناریڈی‘سیتا اکاایم ایل اے‘ملوروی‘انجن کماریادو ودیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کوسخت تنقید کانشانہ بنایا۔

اے آئی سی سی سکریٹری وانچارج کانگریس امور ندیم جاوید‘بوس راجو نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت کارپوریٹ اداروں کوفائدہ پہنچانے کیلئے مسلسل پٹرول‘ڈیزل‘پکوان گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔

مہنگائی سے آج ملک کا غریب‘محنت کش طبقہ سخت پریشان ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی میں اضافہ کردیاگیا۔ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر صدر اے آئی سی سی سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی‘پرینکاگاندھی کو ای ڈی کے ذریعہ ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم کانگریس پارٹی بی جے پی کی اس عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کبھی کمزور نہیں ہوگی۔

قیمتوں میں کمی تک پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ شہ نشین پر پکوان گیس سلنڈر‘ترکاری کی ٹوکریاں رکھی گئیں اور احتجاجی مودی حکومت کے خلاف نعرہ بلند کررہے تھے۔ چیرمین مائناریٹی ڈپارٹمنٹ شیح عبداللہ سہیل کی قیادت میں اقلیتی قائدین اورکارکنوں کی کثیرتعدادنے احتجاج میں حصہ لیا۔

a3w
a3w