نتیش کمار اب اپوزیشن خیمہ کی پہلی صف میں: شتروگھن سنہا
شتروگھن سنہا نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اب ممتا بنرجی اور دیگر قائدین کے ساتھ اپوزیشن کیمپ کی ”پہلی صف“ میں کھڑے ہیں تاکہ 2024کے عام انتخابات میں ملک میں مودی راج کا خاتمہ کردیا جائے۔
پٹنہ: سابق بی جے پی قائد اور ترنمول کانگریس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اب ممتا بنرجی اور دیگر قائدین کے ساتھ اپوزیشن کیمپ کی ”پہلی صف“ میں کھڑے ہیں تاکہ 2024کے عام انتخابات میں ملک میں مودی راج کا خاتمہ کردیا جائے۔
شتروگھن سنہا نے کہا کہ جنتادل یو قائد نے مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا میں اپوزیشن کی حکومتیں گرانے والی بی جے پی کو وہی کڑوی دوا پلادی جو وہ دوسروں کو پلایا کرتی تھی۔ یہ پوچھنے پر کہ اگلے لوک سبھا الیکشن میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نتیش کمار اور ممتابنرجی میں اپوزیشن کا چہرہ کون ہوں گے؟
شتروگھن سنہا نے کہا کہ ملک کے عوام اور اپوزیشن جماعتیں مناسب وقت پر اس کا فیصلہ کرلیں گے۔ اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں کابینی وزیر رہے شتروگھن سنہا حال میں آسنسول سے ممتا بنرجی کی پارٹی سے رکن لوک سبھا بنے ہیں۔
بہاری بابو کہلانے والے شتروگھن سنہا نے 2019 کے عام انتخابات میں اپنے آبائی حلقہ پٹنہ صاحب سے ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی چھوڑدی تھی۔ بھگوا جماعت چھوڑنے سے قبل انہوں نے کئی مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ ئ تنقید بنایا تھا۔
بی جے پی چھوڑنے کے بعد انہوں نے 2019 میں کانگریس کے ٹکٹ پر پٹنہ صاحب حلقہ سے الیکشن لڑا تھا لیکن جیت نہیں پائے تھے۔بعدازں ا انہوں نے کانگریس چھوڑکر ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا تھا۔ آج نتیش کمار کی حلف برداری کے دن شتروگھن سنہا پٹنہ میں موجود تھے جو اُن کا آبائی مقام ہے۔