
حیدرآباد: نیتی آیوگ کی جانب سے تیار کردہ سال2021 کے ایجادات کی فہرست میں 17.66 نشانات کے ساتھ تلنگانہ کوملک کی اہم ریاستوں میں دوسرا مقام حاصل ہوا۔
18.01 نشانات کے ساتھ کرناٹک کو پہلا اور 16.35 نشانات کے ساتھ ہریانہ کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ ہریانہ کے بعد مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو ہیں۔ اس زمرہ میں 13.32 نشانات کے ساتھ آندھرا پردیش کو 9 واں مقام حاصل ہوا ہے۔
چھتیس گڑھ اور اڈیسہ اس فہرست میں آخری مقام پر ہیں۔ کرناٹک کو مسلسل دوسرے سال بھی پہلا مقام حاصل ہوا۔ سابق میں 36 امور کا احاطہ کرتے ہوئے فہرست جاری کی جاتی تھی تاہم اس بار66 امور کا احاطہ کرتے ہوئے فہرست تیار کی گئی۔
انسانی وسائل کے زمرہ میں ریاست تلنگانہ کی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔ زراعت کے فروغ کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی میں ریاست تلنگانہ سب سے آگے ہے۔
انسانی وسائل میں ریاست نے26.96، سرمایہ کاری میں 6.49،نالج ورکرس میں 9.17 تجارتی ماحول میں 21.24 پرفارمنس میں 15.24، نالج ڈیویژن میں 10.86، نالج آوٹ پٹ میں 19.61اسکور حاصل کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں اسٹارٹ آپس کے فروغ میں ریاست چوتھے مقام پر رہی ہے۔
تلنگانہ میں ایک سال قبل اسٹارٹ آپس کی تعداد 4900 تھی جو اب بڑھ کر 9000 ہوچکی ہے۔ ریاست کو نیتی آیوگ کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل ہونے پر ریاستی وزراء ہریش راؤ کے ٹی راما راؤ اور نائب صدرنشین تلنگانہ ا سٹیٹ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے مسرت کا اظہار کیا اور حکومت کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔