آندھراپردیش

حکومت، تین صدر مقامات کیلئے کوشاں: رام کرشنا ریڈی

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری سجالا رام کرشناریڈی نے چہارشنبہ کے روز وضاحت کی کہ ان کی حکومت، ریاست میں تین صدر مقامات کے قیام کی پالیسی پر ہنوز کاربند ہے۔

امراوتی: آندھرا پردیش حکومت کے مشیر برائے سیاسی امور اور حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری سجالا رام کرشناریڈی نے چہارشنبہ کے روز وضاحت کی کہ ان کی حکومت، ریاست میں تین صدر مقامات کے قیام کی پالیسی پر ہنوز کاربند ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن تلگودیشم پارٹی، تین صدر مقامات کے بارے میں عوام میں الجھن پیدا کررہی ہے۔ ریاست کے صدر مقام کے بارے میں ریاستی وزیر فینانس بی راجندر ناتھ ریڈی کے بیان کے ایک دن بعد یہ وضاحت سامنے آئی ہے۔ رام کرشنا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ راجندر ناتھ ریڈی نے حکومت کے موقف کو دہرایا ہے۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی کا دوست میڈیا، وزیر فینانس کے اس بیان کو مسخ کرکے پیش کررہا ہے۔

ویزاگ میں منعقد شدنی گلوبل انوسٹمنٹ سمٹ کے حصہ کے طور پر بنگلورو میں منگل کے روز منعقدہ روڈ شو سے خطاب کے دوران راجندر ناتھ ریڈی نے کہا تھا کہ ریاست کے صدر مقام کے مسئلہ پر عوام میں بہت زیادہ غلط فہمی پائی جارہی ہے۔

ریاستی وزیر فینانس نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ ریاستی حکومت، وشاکھا پٹنم سے حکومت کرنے کے فیصلہ پر پابند عہد ہے۔ انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ حکومت نے وشاکھا پٹنم کو ریاست کا اگلا صدر مقام بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ راجندر ناتھ نے یہی بات کہی تھی۔ راجندر ناتھ ریڈی نے کہا کہ کرنول، عدلیہ کا صدر مقام رہے گا مگر کرنول، ریاست کا صدرمقام نہیں رہے گا۔

حکومت نے ضلع گنٹور (امراوتی) میں اسمبلی سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رام کرشنا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت وائی ایس آر سی پی، تمام علاقوں کی یکساں ترقی چاہتی ہے۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رام کرشنا ریڈی نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وشاکھا پٹنم، ریاست کا ایڈمنسٹریٹیو (انتظامی) صدر مقام رہے گا۔

a3w
a3w