نیو جرسی میں ہندوستانی جوڑے کے بنگلہ میں امیتابھ بچن کا مجسمہ!
ہندوستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہونے کی وجہ سے لٹل انڈیا کہلانے والے ایڈیسن میں رِنکو اور گوپی سیٹھ کے بنگلہ میں 600 افراد مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں اکٹھا ہوئے۔ مجسمہ‘ شیشہ کے بڑے باکس میں رکھا گیا ہے۔

واشنگٹن: بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن سے اپنی محبت اور لگاؤ کا اظہار کرنے ایک ہندوستانی امریکی جوڑے نے کچھ الگ سوچا اور نیو جرسی کے ایڈیسن سٹی میں اپنے مکان کے باہر اپنے ”بھگوان“ کا قدآدم مجسمہ لگادیا۔
ہندوستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہونے کی وجہ سے لٹل انڈیا کہلانے والے ایڈیسن میں رِنکو اور گوپی سیٹھ کے بنگلہ میں 600 افراد مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں اکٹھا ہوئے۔ مجسمہ‘ شیشہ کے بڑے باکس میں رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر آتشبازی کی گئی اور 79سالہ ہندوستانی سوپراسٹار کے فین کلب (پرستاروں کے کلب) نے ڈانس کیا۔
پیشہ سے انٹرنیٹ سیکوریٹی انجینئر گوپی سیٹھ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ امیتابھ‘ میرے لئے اور میری بیوی کے لئے بھگوان سے کم نہیں۔ گوپی سیٹھ 1990 میں مشرقی گجرات کے دہود سے امریکہ پہنچے تھے۔
قدآدم مجسمہ میں امیتابھ‘ کون بنے گا کروڑپتی موڈ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہ مجسمہ خاص طورپر ڈیزائن کیا گیا۔ راجستھان میں اسے بناکر امریکہ لایا گیا۔ پورے پراجکٹ پر 75 ہزار امریکی ڈالر (60 لاکھ روپیوں) کا خرچ آیا۔
گوپی سیٹھ نے کہا کہ امیتابھ سے ان کی پہلی ملاقات 1991میں نیوجرسی میں نوراتری تقاریب میں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مجسمہ لگانا آسان نہیں۔ اس میں کافی دشواریاں پیش آتی ہیں۔