وزیراعظم برطانیہ رشی سونک نے جائزہ حاصل کرلیا
رشی سونک نے منگل کے دن شاہ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد برطانیہ کے پہلے ہندوستانی نژاد وزیراعظم کی حیثیت سے باقاعدہ جائزہ حاصل کرلیا۔
لندن: رشی سونک نے منگل کے دن شاہ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد برطانیہ کے پہلے ہندوستانی نژاد وزیراعظم کی حیثیت سے باقاعدہ جائزہ حاصل کرلیا۔
ایک دن قبل وہ کنزرویٹیو پارٹی کے نئے قائد منتخب ہوئے تھے۔ آج صبح وزیراعظم لز ٹرس نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں اپنی آخری کابینی میٹنگ کی صدارت کی جس کے بعد انہوں نے بکنگھم پیالیس جاکر 73 سالہ کنگ چارلس III کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔
اس کے بعد رشی سونک‘ شاہ سے ملنے شاہی محل پہنچے جنہوں نے انہیں حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ رشی سونک برطانیہ کے 57 ویں وزیراعظم بنے ہیں۔ نئے شاہ کے دور میں 6 ماہ میں وہ دوسرے وزیراعظم ہیں۔ 42 سالہ سابق چانسلر خزانہ مذہبی ہندو ہیں۔ وہ گزشتہ 210 سال میں برطانیہ کے سب سے کم عمر وزیراعظم ہیں۔
وہ برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم بھی ہیں۔ جاریہ سال برطانیہ میں 3 وزیراعظم بنے۔ وہ بحیثیت وزیراعظم 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی سیڑھیوں سے اپنا پہلا خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ اس موقع پر ان کی بیوی اکشتا مورتی اور لڑکیاں کرشنا اور انوشکا بھی موجود رہیں گی۔
اس کے بعد توقع ہے کہ وہ اپنی کابینہ کو قطعیت دیں گے۔ چانسلر‘ فارن سکریٹری اور ہوم سکریٹری کا جلد اعلان متوقع ہے۔ رشی سونک نے پیر کے دن کہا تھا کہ برطانیہ عظیم ملک ہے لیکن اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ہمیں بڑے معاشی چیلنج کا سامنا ہے۔ ہمیں اب استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے۔
میری اولین ترجیح ہوگی کہ اپنی پارٹی اور اپنے ملک کو متحدکروں کیونکہ چیلنجس پر قابو پانے کا یہی واحد راستہ ہے۔ اپنے بچوں اور ان کے بچوں کے بہتر اور مزید خوشحال مستقبل کے لئے یہی ایک راستہ ہے۔ میں عہد کرتا ہوں کہ ایمانداری اور انکساری کے ساتھ کام کروں گا۔ میں برطانوی عوام کے لئے کچھ کردکھانے دن رات کام کروں گا۔
کینٹربری کے آرچ بشپ نے برطانوی عوام سے کہا کہ وہ رشی سونک کے لئے دعا کریں کیونکہ وہ کٹھن وقت میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں داخل ہورہے ہیں۔