وزیراعظم نریندرمودی کا دورہ حیدرآباد
وزیراعظم نریندرمودی 8اپریل کو تلنگانہ میں 11,300 کروڑ مالیت کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دو گھنٹوں کے مختصردورہ پر وہ ہفتہ کے روز حیدرآباد پہنچیں گے۔

حیدرآباد: وزیراعظم نریندرمودی 8اپریل کو تلنگانہ میں 11,300 کروڑ مالیت کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دو گھنٹوں کے مختصردورہ پر وہ ہفتہ کے روز حیدرآباد پہنچیں گے۔
مودی پریڈگراؤنڈ سکندرآباد میں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ دورہ کے شیڈول کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی 8اپریل کو 11:30 بجے دن بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن روانہ ہوں گے جہاں وزیراعظم سکندرآباد۔تروپتی وندے بھارت اکسپریس کو جھنڈی دکھائیں گے۔ اس ٹرین کے ذریعہ سفر سے دونوں شہروں کے درمیان تقریباً ساڑھے تین گھنٹوں کے وقت میں بچت ہوگی۔
یہ ٹرین تروپتی جانے والے بھکتوں کیلئے خصوصاً بہترثابت ہوگی۔ تین ماہ کے عرصہ میں تلنگانہ میں چلنے والی وندے بھارت کی یہ دوسری ٹرین رہے گی۔ سکندرآباد۔تروپتی وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھانے کے بعد وزیراعظم نریندرمودی‘پریڈگراؤنڈ کیلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ایک عوامی جلسہ میں شرکت کریں گے جہاں وہ ایمس بی بی نگر کے نئے بلاکس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی جو سکندرآباد حلقہ سے پارلیمنٹ میں نمائندگی کرتے ہیں‘ نے کہا کہ اس نئی سہولت سے تلنگانہ میں ہیلت انفراسٹرکچر کو بہت زیادہ فروغ ملے گا۔ نئی سہولتوں میں اکیڈیمک بلاکس‘ آڈیٹوریم ’اسٹاف کوارٹرس‘ ہاسٹلس اور گیسٹ ہاؤزس شامل ہیں۔
وزیراعظم سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ری ڈیولپمنٹ کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس پر720 کروڑ روپئے کا خرچ آئے گا۔ اس ریلوے اسٹیشن کی بڑے پیمانہ پر نئی صورت گیری کی جائے گی اور یہاں عالمی معیار کی سہولتیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ وزیراعظم نریندرمودی‘حیدرآباد۔سکندرآباد جڑواں شہروں علاقہ میں 13نئی ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کو جھنڈی دکھائیں گے۔
مسافرین کو تیزرفتار‘آرام دہ اور مناسب سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے یہ خدمات دستیاب کرائی جارہی ہیں۔ وہ‘ سکندرآباد۔محبوب نگر ڈبلنگ اوربرقیانے پراجکٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ 85کیلومیٹرطویل اس راہداری کے ڈبلنگ اوربرقیانہ کے کاموں کی تکمیل پر1410 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔
اپنے پروگرام کے دوران وزیراعظم نریندرمودی‘ 7850 کروڑ روپئے مالیت کے 5نیشنل ہائی ویزپروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان پروجیکٹس سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان سڑک رابطہ کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ سکندرآباد کے پریڈگراؤنڈ کے جلسہ میں شرکت کے بعد 1-20 بجے دن وزیراعظم‘بیگم پیٹ ایرپورٹ سے چینائی کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔