آندھراپردیش

وزیر اعظم نریندر مودی کا آئندہ ماہ دورہ وشاکھا پٹنم

وزیر اعظم نریندر مودی 11نومبر کو وشاکھا پٹنم کا دورہ کریں گے جہاں وہ، مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچرپراجکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وشاکھا پٹنم: وزیر اعظم نریندر مودی 11نومبر کو وشاکھا پٹنم کا دورہ کریں گے جہاں وہ، مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچرپراجکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ریلوے عہدیداروں کو موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی، آئندہ ماہ بندرگاہی شہر میں وشاکھا پٹنم ریلوے اسٹیشن کو عصری بنانے کے پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس پراجکٹ کاتخمینہ 400 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

وہ، اسی روز، شہر میں مرکزی حکومت کے پراجکٹوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان پراجکٹوں میں 26 ہزار کروڑ روپے مالیت ایچ پی سی ایل پٹرولیم ریفائزی توسیع اور عصری بنانے کا پراجکٹ، آئی آئی ایم وشاکھا پٹنم کے پہلے مرحلہ میں ماڈرن اور گرین نیا کیمپس، کروس ٹرمنل اور دیگر پراجکٹس شامل ہیں۔

وزیر اعظم مودی،11 نومبر کوہی شہر میں ایک جلسہ سے خطاب کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ عوامی جلسہ، اے یو انجینئرنگ کالج گراونڈ میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔ ریاستی گورنر بسوابھوشن ہری چندن اور چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، مختلف پروگراموں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ رہیں گے۔

وزیر اعظم کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر اے ملکارجن نے گریٹر وشاکھا پٹنم میونسپل کارپوریشن (جی وی ایم سی) کے کمشنر راجا بابو، اور دیگر عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں انہوں نے مودی کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

راجیہ سبھا کے رکن جی وی ایل نرسمہا راؤ نے حالیہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح یا سنگ بنیاد کے لئے وشاکھا پٹنم مدعو کیا تھا۔ راؤ نے وزیر اعظم سے وشاکھا پٹنم میں منظورہ نئے ساؤتھ کوسٹ ریلوے زون کے دفتر کامپلکس کے افتتاح کی خواہش کی تھی۔