ووٹرلسٹ میں ناموں کا اندراج‘ دو روزہ مہم کا آغاز
ریاست تلنگانہ میں 34891 مراکز رائے دہی پرآج سے دوروزہ ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کی مہم شروع ہوئی ہے یہ مہم 27نومبرتک جاری رہے گی۔
حیدرآباد:ریاست تلنگانہ میں 34891 مراکز رائے دہی پرآج سے دوروزہ ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کی مہم شروع ہوئی ہے یہ مہم 27نومبرتک جاری رہے گی۔
مہم کے پہلے دن ریاست بھرسے ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کے لئے 50ہزارسے زائددرخواستیں وصول ہوئی ہیں۔اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاست بھر میں 26اور27کو تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کی بابت مہم شروع کی گئی ہے اور آئندہ ماہ 3اور4دسمبرکو ریاست میں دوبارہ دو روزہ مہم شروع کی جائے گی۔
اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) وکاس راج نے بتایا کہ ان دو دنوں کے دوران اہل افراد کی ووٹرلسٹ میں نام کے اندراج کے لئے رہنمائی کی جائے گی۔ریاست کے تمام مراکز رائے دہی پر بوتھ لیول آفیسرس 10بجے دن سے دستیاب رہیں گے۔
پہلی بار ووٹروں کے اندراج کے حصہ کے طورپراس مہم میں معذورین اورزنخوں کو ناموں کو درج کرنے کیلئے ترجیح دی جائے گی۔سی ای او نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جی ایچ ایم سی حدود کے چند پولنگ بوتھس کا دورہ کرتے ہوئے ووٹروں کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔
جائنٹ سی ای او نے ملگ اوربھوپال پلی اضلاع کے چند مراکز کا دورہ کیا اورانہوں نے بوتھ لیول آفیسرس سے بات چیت کی۔ وکاس راج نے مزید کہاکہ سال 2023 میں 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کوووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کی رہنمائی کے لئے 17 سو کالجوں میں الیکشن لڑبریس کلبس قائم کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں جاری خصوصی مہم پر نظر رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیانے ای‘رول آبزرورس کا تقرر کیا ہے۔ تمام اہل ووٹرس www.nvsp.inپرربط پیدا کرتے ہوئے اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں درج کراسکتے ہیں۔