ایشیاء

2019 سے ہندوستان سے تعمیری بات چیت دشوار ہوگئی : بلاول بھٹو

پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعمیری بات چیت 2019ء کے بعد دشوار ہوگئی۔

اسلام آباد: پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعمیری بات چیت 2019ء کے بعد دشوار ہوگئی۔

بلاول نے جنہوں نے تاشقند(ازبکستان) میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن(ایس سی او) کی مجلس وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کی کہاکہ ہندوستان اور پاکستان ایس سی او کا حصہ ہیں۔

دونوں ممالک تنظیم کی وسیع تر سرگرمیوں کے تناظر میں کام کررہے ہیں۔ جیو نیوز نے ہفتہ کے دن بلاول کے حوالہ سے کہا کہ ہندوستان ہمارا پڑوسی ملک ہے۔ ہمسائے کا انتخاب نہیں کیاجاسکتا۔

ہمسایوں کو مل جل کر رہنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء کے بعد ہندوستان کے ساتھ تعمیری بات چیت مشکل ہوگئی۔ بلاول بظاہر جموں وکشمیر کو خصوصی موقف سے محروم کرنے اور اسے دومرکزی زیرانتظام علاقوں میں بانٹنے کے حکومت ہند کے اقدام کا حوالہ دے رہے تھے۔

شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میٹنگ میں وزیرخارجہ ہند ایس جئے شنکر‘ وزیرخارجہ چین وانگ ای اور روسی وزیرخارجہ سرجئی لاؤروف نے شرکت کی۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا کہ سمرقند(ازبکستان) میں 15اور16 ستمبر کو ایس سی او کی سالانہ چوٹی کانفرنس کے حاشیہ پر پاکستانی اور ہندوستانی وزرائے اعظم کی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

a3w
a3w