سوشیل میڈیاکھیل

ٹریننگ سنٹر میں جھاڑودینے والا سوپر اسٹار بن گیا

احمدآباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل 2023 کے 13ویں میچ کو رنکو سنگھ اور کے کے آر کی ٹیم کبھی نہیں بھول سکتی۔ اس میچ میں رنکو نے گجرات ٹائٹنز کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔

کولکتہ: احمدآباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل 2023 کے 13ویں میچ کو رنکو سنگھ اور کے کے آر کی ٹیم کبھی نہیں بھول سکتی۔ اس میچ میں رنکو نے گجرات ٹائٹنز کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔

کسی نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ رنکو سنگھ یہ اسٹنٹ کرکے حقیقی ہیرو بن جائیں گے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ کارنامہ پہلے ہی رنکو کے نام لکھ دیا گیا تھا جنہوں نے 5 گیندوں پر 5 چھکے لگاکر شاندار اننگز کھیلی۔

اس نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ کوچنگ سنٹر میں جھاڑو دینے والا رنکو راتوں رات سوپر اسٹار بن جائے گا۔ ان کی اس طوفانی اننگز کے بعد شائقین ان سے جڑی ہر بات جاننے کیلئے بے چین ہیں۔

ایسے میں ہم آپ کو رنکو سنگھ کو رنکو سنگھ سے متعلق کچھ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ سال 2018 میں رنکو سنگھ کو شاہ رخ خان نے کے کے آر ٹیم کیلئے کھیلنے کا موقع دیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک رنکو کولکتہ نائٹ رائیڈرس سے منسلک ہیں۔

انہیں کے کے آر کی ٹیم نے لگاتار چھ سیزن تک برقرار رکھا، اگرچہ آئی پی ایل 2023 کی نیلامی میں انہیں کم قیمت ملی لیکن انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ جیتنے والی کارکردگی دکھاکر کے کے آر کے مالک شاہ رخ خان کا دل بھی جیت لیا۔ گجرات کے خلاف رنکو سنگھ نے 21 گیندوں میں 48 رنز بنائے اور آخری اوور میں چھکوں کی بارش کرکے نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ پورے شائقین کے دل بھی جیت لیے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل 2023 میں رنکو کو ایک میچ کھیلنے پر تقریباً 4.23 لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ رنکو کو جملہ 14 میچ کھیلنے کیلئے کے کے آر سے 55 تا 56 لاکھ کی رقم ملے گی۔ اس کے علاوہ اپنی کارکردگی کے مطابق وہ کسی بھی میچ میں 6 لاکھ روپے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس رقم کے علاوہ رنکو کو بھی دیگر کھلاڑیوں کی طرح فائیو اسٹار ہوٹل، پرائیویٹ جیٹ اور مفت کھانا ملے گا۔

گجرات ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ گجرات کی ٹیم کی طرف سے سائی سدرشن اور وجے شنکر نے نصف سنچری اننگز کھیلی۔ اس کے بعد 205 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے وینکٹیش ایئر نے 40 گیندوں میں 83 رنز بنائے، کپتان نتیش رانا نے 45 رنز بنائے اور آخر میں رنکو سنگھ نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کے کے آر کی ٹیم کو 3 وکٹوں سے جیت دلادی۔