انٹرٹینمنٹ

پارلیمنٹ احاطہ میں فلم شوٹنگ کی اجازت دی جائے

کنگنا رناوت نے کہاکہ دوردرشن اور سنسدٹی وی جیسے سرکاری براڈکاسٹرس کو پارلیمنٹ کے اندر پروگرامس شوٹ کرنے دیاجاتا ہے۔ نجی اداروں یا افراد کو پارلیمنٹ کے اندرشوٹنگ کی اجازت کبھی دی گئی ہو اس کی نظیر نہیں ملتی۔

نئی دہلی: اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی پارلیمنٹ کے احاطہ کے اندر شوٹنگ کیلئے لوک سبھا سکریٹریٹ سے اجازت مانگی ہے۔ ذرائع نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ ان کا مکتوب زیرغور ہے لیکن اجازت ملنے کا امکان نہیں۔

لوک سبھاسکریٹریٹ کے نام مکتوب میں کنگنارناوت نے گزارش کی کہ انہیں ایمرجنسی پر بنی فلم کی احاطہ پارلیمنٹ کے اندرشوٹنگ کی اجازت دی جائے۔ عام طور پر پارلیمنٹ کے احاطہ کے اندر شوٹنگ یا ویڈیوگرافی کی اجازت لوگوں کو نہیں دی جاتی۔ کوئی سرکاری کام ہوتو بات الگ ہوتی ہے۔

 دوردرشن اور سنسدٹی وی جیسے سرکاری براڈکاسٹرس کو پارلیمنٹ کے اندر پروگرامس شوٹ کرنے دیاجاتا ہے۔ نجی اداروں یا افراد کو پارلیمنٹ کے اندرشوٹنگ کی اجازت کبھی دی گئی ہو اس کی نظیر نہیں ملتی۔ فلم ایمرجنسی کی شوٹنگ جاریہ سال جون میں شروع ہوئی تھی۔

 اس فلم کی ہدایت کار اور پروڈیوسرکنگنارناوت ہے۔ کہانی بھی اسی نے لکھی ہے۔ اس فلم میں وہ سابق وزیراعظم اندراگاندھی کا رول ادا کررہی ہیں جنہوں نے 1975ء میں انہوں نے اس ملک میں ایمرجنسی نافذکی تھی۔25جون1975 تا21 مارچ1977ء ایمرجنسی 21ماہ کیلئے نافذ رہی تھی۔

 اس دوران عوام کے بنیادی حقوق پر کڑی بندشیں لگ گئی تھیں۔ ایمرجنسی برخاست کرنے کے بعد اندرا گاندھی نے لوک سبھا الیکشن کرایاتھا جس میں ان کی کانگریس پارٹی کو شکست فاش ہوئی تھی۔ 1947ء میں ملک کی آزادی کے بعد سے کانگریس کی یہ پہلی ہارتھی۔ جنتاپارٹی کی قیادت میں متحدہ اپوزیشن نے کانگریس کو ہرایاتھا۔