مہاراشٹرا

پولیس بھرتی کیلئے ناندیڑ میں زنخا کی بھی درخواست

پولیس بھرتی کا عمل گزشتہ ماہ سے جاری تھا۔ اس دوران تیسری صنف سے تعلق رکھنے والے ایک فردنے پولیس میں بھرتی کیلئے درخواست داخل کی ہے۔

ناندیڑ: پولیس بھرتی کا عمل گزشتہ ماہ سے جاری تھا۔ اس دوران تیسری صنف سے تعلق رکھنے والے ایک فردنے پولیس میں بھرتی کیلئے درخواست داخل کی ہے۔

درخواست داخل کرنیو الے تیسری صنف سے تعلق رکھنے والے کانام دنیش شنکرراؤ ہنوتے ہے۔ وہ پچھلے کچھ مہینوں سے مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

اس لیے اب سے تیسری صنف کو خاکی وردی میں دیکھیں تو حیران نہ ہوں۔ریاستی حکومت نے سماج کے پسماندہ اور نظرانداز کیے جانے والی تیسری صنف (زنخوں) کو سماج کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے سماجی ریزرویشن فراہم کرنے کافیصلہ کیاہے۔

اس فیصلے کے بعد ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے تیسری صنف کے دنیش ہنوتے نے پولیس بھرتی کے آخری دن پولیس بننے کی خواہش ظاہر کی۔دنیش اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور ناندیڑ شہر کے قریب پنگری گاؤں کا رہنے والا ہے۔فی الحال وہ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہا ہے۔

تاہم تیسری صنف کا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے وہ درخواست دینے سے گریز کررہاتھا۔ اس کی ضد اورپولیس بھرتی کی درخواست کا آخری دن کے مدنظر تیسری صنف کیلئے کام کرنے والے ناندیڑ کے کمل فاؤنڈیشن نے پولیس بھرتی فارم کیلئے درکار تمام دستاویزات میں تعاون کیا۔

جس کے بعد پولیس بھرتی درخواست کے آخری دن دنیش نے پولیس بھرتی کیلئے اپنی درخواست جمع کرائی۔ دنیش نے بتایا کہ مراٹھواڑہ میں پہلی مرتبہ کسی تیسری صنف نے پولیس بھرتی کیلئے درخواست دی ہے۔