پڑوسی ریاست کے نتائج،ملک کی سیاست کا اہم موڑ: محمد علی شبیر
سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی ملک کی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہوگی۔
حیدرآباد: سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی ملک کی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہوگی۔
”ہم کرناٹک کے عوام کے شکر گزار ہیں“ جنہوں نے فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دے کر سیکولر جماعت کانگریس پر بھرپور اعتماد کیا ہے۔
کانگریس کی کامیابی سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی قائدین سے خوش نہیں ہیں۔
جنہوں نے تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ محمد علی شبیر کرناٹک کے نتائج پر اپنے ردِعمل کا اظہار کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جمہوری اقدار پر عملی یقین رکھتی ہے۔
کرناٹک کی کامیابی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام ترقی چاہتے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے تقسیم کی سیاست کو مسترد کردیا۔ محمد علی شبیر نے توقع ظاہر کی ہے کہ کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کا اثر ملک کی سیاست پر حاوی ہوگا۔
بالخصوص پڑوسی ریاست تلنگانہ کے انتخابات پر بھی پڑے گا۔ عوام کانگریس پارٹی کو اقتدار میں واپس لانے کے منتظر ہیں۔
جس طرح کرناٹک میں عوام نے بی جے پی اور جے ڈی ایس کو مسترد کردیا ہے اس طرح تلنگانہ میں بی آر ایس اور بی جے پی کو بھی مسترد کردیں گے۔
سابق وزیر نے کہا کہ کرناٹک کے نتائج کانگریس کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوئے ہیں۔ 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں بھی کانگریس کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔