حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ15 ستمبر کو ریاست میں مزید 9میڈیکل کالجوں کا ورچول افتتاح کریں گے۔
ضلع کلکٹرس سے ویڈیوکانفرنس کے دوران تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کلکٹرس کوہدایت دی کہ وہ نئے میڈیکل کالجوں میں فراہم بنیادی سہولتوں کا معائنہ کریں اورتمام انتظامات کویقینی بنانے کے اقدامات کریں۔
وزیرصحت نے عہدیداروں پرزوردیا کہ وہ 24نئے منظورہ اربن ہیلت سنٹرس اور40رورل ہیلت سنٹرس کوفوری طورپرخانگی عمارتوں میں قائم کرنے کے اقدامات کریں اوران سنٹرس کی کارکردگی کی شروعات کریں۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہاکہ عہدیداروں کوگرہالکشمی کے استفادہ کنندگان کی شناخت اور الاٹ منٹ لیٹرس کی اجرائی کے عمل میں سرعت پیدا کرنا چاہئے۔
قبل ازیں ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام نے پہلے ہی مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بی آرایس کے حق میں اپنے ووٹ کے استعمال کا فیصلہ کرلیاہے اور کے چندر شیکھرراؤمسلسل تیسری بار ریاست کے چیف منسٹرکے طورپرحلف لیں گے۔
ٹی ہریش راؤنے الزام عائد کیا کہ ایس سی‘ ایس ٹی ڈیکلریشن کے نام پر کانگریس ڈرامہ کررہی ہے اور کانگریس‘اقتدار پر آنے کے لئے ایک بار پھر عوام کوگمراہ کررہی ہے۔
ضلع ورنگل کے پال کرتی میں ہریش راؤ نے دیگر وزرا ای دیا کر راؤ‘ اے اندراکرن ریڈی اور ستیہ وتی راتھوڑ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں ترقیاتی کاموں کوانجام دینے کے بعد بی آر ایس‘عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے جبکہ اپوزیشن جھوٹ بکتے ہوئے عوام سے ووٹ طلب کررہا ہے۔
ہریش راؤ نے کہاکہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں معذورین میں ہرماہ فی کس 4ہزار روپے وظائف تقسیم کئے جارہے ہیں اور چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ ریاست کے تمام طبقات کے عوام کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں۔