ڈاکٹر کے لکشمن نے ایم پی راجیہ سبھا کا حلف لیا
لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے جلد انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام، ٹی آر ایس، مجلس اور کانگریس کو آئندہ انتخابات میں شکست دیں گے۔

حیدرآباد: اوبی سی مورچہ بی جے پی کے قومی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے رکن راجیہ سبھا کی حیثیت سے آج حلف لیا۔ اس موقع پر صدر بی جے پی تلنگانہ کمیٹی بنڈی سنجے اور دیگر قائدین نے ڈاکٹر کے لکشمن سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی ڈاکٹر کے لکشمن نے اس موقع پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے پر وہ بی جے پی کے قومی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی قائدین نے انہیں تلنگانہ کے عوام کی خدمت کرنے کا موقع دینے کیلئے اتر پردیش کوٹہ سے پارٹی امیدوار بنایا ہے اس سے تلنگانہ کے عوام سے بی جے پی کے قومی قائدین کی دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی دہوں سے بی جے پی کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پارٹی قیادت نے راجیہ سبھا کا رکن بنا کر میری خدمات کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے جلد انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام، ٹی آر ایس، مجلس اور کانگریس کو آئندہ انتخابات میں شکست دیں گے۔