حیدرآباد

پولیس چیک پوسٹس کا کمشنر سی وی آنند نے کیا اچانک دورہ

سی وی آنند نے مویشیوں کی منتقلی سے متعلق محکمہ افزایش مویشیان کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گائیوں اور اس کے بچھڑوں کی منتقلی کسی بھی صورت میں نہیں ہونی چاہئے۔

حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے پولیس چیک پوسٹس معظم جاہی مارکٹ، میر چوک، کنچن باغ، چندرائن گٹہ اور بہادر پورہ کا اچانک دورہ کیا۔ جمعرات کی شب12:30 بجے سے صبح5بجے تک سٹی پولیس کمشنر نے دورہ کرتے ہوئے چیک پوسٹس میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا اور اسٹاف سے بات چیت کی۔

 انہوں نے اسٹاف کو بدستور چوکس رہنے کی ہدایت دی اور انہیں ویڈیو کانفرنس میں دی گئی ہدایات پر سختی کے ساتھ کار بند رہنے پر زور دیا۔ پولیس کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ بیان میں یہ بات کہی۔ انہوں نے رجسٹرس کی تنقیح کی اور چیک پوسٹس میں دستیاب سہولتوں اور کٹس کا بھی جائزہ لیا۔

مویشیوں کی منتقلی سے متعلق محکمہ افزایش مویشیان کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گائیوں اور اس کے بچھڑوں کی منتقلی کسی بھی صورت میں نہیں ہونی چاہئے۔ لائزنس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پٹرول کارس کے ساتھ چیک پوسٹس کے قریب گشت کریں۔

 بروقت اطلاعات کا باہمی تبادلہ کریں تاکہ وقت پر کاروائی کے لئے متحرک ہوسکیں۔ چیک پوسٹس کے آفیسر انچارج کو عملہ کے ساتھ بعجلت ممکنہ کسی غیر قانونی سرگرمی یا عوام سے رشوت کی وصولی  جیسی اطلاعات کو سینئر حکام تک پہنچانا ہوگا۔ سی وی آنند نے کہا کہ چیک پوسٹس کے اطراف کسی غیر مجاز شخص کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔

 احکام کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ اسٹیشن لیول، ڈیویژن سطح کے آفیسرس اور ڈی سی پیز سے کہا گیا ہے کہ وہ چیک پوسٹس کا معائنہ کریں۔

 آئی اے این ایس کے مطابق عید الاضحی کے دو دن قبل سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے آج مویشیوں کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

 انہوں نے جمعہ کے روز شہ رکے مختلف پولیس چیک پوسٹ کا اچانک دورہ کیا اور شہر میں مویشیوں کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سٹی پولیس کمشنر نے اسٹاف کو چیک پوسٹس پر مویشیوں کی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے واقعات میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت دی۔