ڈبل انجن حکومت آنے سے تلنگانہ میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی: وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کی ترقی میں ناقابل یقین حد تک تعاون کررہی ہے اور ”سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس اور سب کے پریاس (کوشش)“ کے نعرے کے ساتھ مزید تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن کرنے کی پابند ِ عہد ہے۔
حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کی ترقی میں ناقابل یقین حد تک تعاون کررہی ہے اور ”سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس اور سب کے پریاس (کوشش)“ کے نعرے کے ساتھ مزید تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن کرنے کی پابند ِ عہد ہے۔
آج پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ وجئے سنکلپ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اس بار پارٹی کے قومی اراکین عاملہ کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کیا گیا۔ ملک کے طول و عرض سے آئے بی جے پی مندوبین کو حیدرآباد کی مہمان نوازی اور دوستانہ روایات سے محظوظ ہونے کا موقع حاصل ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حیدرآباد باوقار عوام، ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کو نئی اڑان دینے کے لیے شہرت رکھتا ہے اور بی جے پی ملک اور خاص ریاست تلنگانہ میں ایسا ہی کررہی ہے۔ ہندوستان کو اکیسویں صدی میں خودمکتفی ملک میں تبدیل کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے عوام دنیا بھر میں سخت محنت اور ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ تلنگانہ قابلیت اور صلاحیت سے بھرپور سرزمین ہے۔ یہاں کا فن اور فن تعمیر انتہائی پُروقار ہے، جو ملک کے لیے بہترین اثاثہ ہے۔
یہ وراثت عوام کی خدمت کے لیے تحریک فراہم کرتی ہے۔ نریندر مودی نے مزید کہا کہ بی جے پی کی ترجیحات میں تلنگانہ کی ہمہ گیر ترقی شامل ہے۔ ہم گزشتہ 8 سالوں سے سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نظریہ کے تحت ہر شہری کی زندگی میں قابل لحاظ تبدیلی لانے کوشاں ہیں۔ ہماری مسلسل کوشش ہے کہ ترقی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچاتے ہوئے خوشحال زندگی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ہم گزشتہ 8 سالوں سے محروم اور استحصال کا شکار طبقات کو بھی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں حصہ دار بنانے میں مصروف ہیں۔ نریندر مودی نے مزید کہا کہ آج ملک میں ہر طبقہ کو محسوس ہورہا ہے کہ بی جے پی کے ذریعہ ان کی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی، ان کی امیدیں بر آئیں گی۔ تلنگانہ کے عوام کی بھی خواہش ہے کہ یہاں ڈبل انجن سرکار آئے، ان کی خواہشات اور امنگوں کی تکمیل ہو۔ نریندر مودی نے کہا کہ کل ہند سطح پر خواتین، بہن بیٹیوں کو بھی محسوس ہورہا ہے کہ بی جے پی کے دور میں ان کی زندگیوں میں آسانیاں ہوں گی، ترقی ہوگی، جس کی وجہ سے وہ بھی ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں بی جے پی کے تئیں بے پناہ جوش دیکھا جارہا ہے اور آج اس جوش اور پیار سے سارا ملک واقف ہوگیا ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی تائید میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ 2019ء کے لوک سبھا الیکشن میں تلنگانہ کے عوام نے بی جے پی کی تائید کی تھی اور پارٹی کے 4 اراکینِ پارلیمنٹ منتخب کیے گئے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں عوام نے پھر ایک بار اپنے اعتماد اور پیار کو چھلکایا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں 18 ریاستوں میں بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومتیں ہیں، جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کا اعتماد کافی بڑھا ہوا ہے۔ اب تلنگانہ کے عوام کی بھی یہی خواہش ہے۔
مرکزی اسکیموں سے بھی تلنگانہ کو فائدہ ہو، اجول یوجنا سے تلنگانہ کی خواتین بھی فائدہ اٹھائیں، مفت گیس سلنڈر حاصل ہو، خواتین دھوئیں کے عذاب سے محفوظ رہیں، صحت میں بہتری آئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ناری شکتی (خواتین کی طاقت) کو قومی طاقت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ مرکزی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے بینکوں میں جمع رقومات میں خواتین کی حصہ داری بڑھ رہی ہے۔ ملک کی خواتین کو بینکنگ سے جوڑنے، ڈیجیٹل شراکت داری کو فروغ دینے کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔