تلنگانہ

کرسمس تقاریب کا شاندار پیمانے پر اہتمام کیا جائے گا: سرینواس یادو

ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

کرسمس تہوار کے انعقاد کیلئے جاری انتظامات کا جائزہ لینے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں تمام مذاہب کے تہواروں کو سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔

حکومت کی خواہش ہے کہ سماج کا ہر طبقہ اپنے اپنے عیدوں اور تہواروں کو بھر پور خوشی کے ساتھ منائے۔ اسی سلسلہ کے تحت کرسمس کا بھی سرکاری سطح پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ غریب عیسائی برادری کو کرسمس جوش وخروش کے ساتھ منانے کیلئے اس بار بھی ملبوسات پر مشتمل گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔

ایل بی اسٹیڈیم میں کرسمس ڈنر منعقد کیا جائے گا۔ اسی طرح ہر اسمبلی حلقہ میں آٹھ مقامات پر کرسمس تقاریب منعقد کی اائیں گی۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کو چرچ کمیٹی کے منتظمین سے مشاورت کرتے ہوئے ڈنر کے مقام کا انتخاب اور گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر حلقہ اسمبلی میں ایک ایک مقام پر (جملہ8 مقامات)500،500 افراد کیلئے عشائیہ ترتیب دیا جائے گا اور500افراد میں ملبوسات پرمشتمل گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ ان امور کی نگرانی کیلئے ہر حلقہ میں ایک عہدیدار کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

اس اجلاس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، رکن کونسل ایم ایس پربھاکر، الویس اسٹیفینس، سربھی وانی دیوی، سید امین الحسن جعفری، اراکین اسمبلی ڈی ناگیندر، کے وینکٹیش، مٹھا گوپال، کوثر محی الدین ودیگر نے شرکت کی۔