کھیل

کوہلی 34 برس کے ہوگئے‘ انوشکا کا جذباتی پیام

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی 5 نومبر کو اپنی 34 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی اس وقت ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہیں۔

ملبورن۔: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی 5 نومبر کو اپنی 34 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی اس وقت ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہیں۔

بی سی سی آئی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ہندوستان کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی اور ٹیم کے کنڈیشننگ کوچ پیڈی اپٹن ایک ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹتے نظر آرہے ہیں۔

اس دوران ٹیم کے باقی ممبران بھی موجود تھے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ہاردک پانڈیا اور سوریہ کمار یادو کیک کھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ یوزویندر چہل نے کوہلی کے چہرے پر کیک لگایا۔ ہندوستانی ٹیم ورلڈکپ 2022 کے سوپر 12 میں چار میچوں میں تین جیت کے ساتھ سرفہرست ہے۔

اسے اپنا آخری میچ زمبابوے کے خلاف کھیلنا ہے۔ اس میچ میں جیت ہندوستان کو گروپ ٹو میں سب سے اوپر لے جائے گی لیکن ہارنے سے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ کھل جائے گا۔ اگر پاکستان اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دیتا ہے تو وہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر آگے بڑھے گا۔

اسی دوران ویراٹ کوہلی کی سالگرہ پر ان کی اہلیہ اور اداکارہ انوشکا شرما نے انہیں خاص انداز میں مبارکباد دی۔ انوشکا نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کی کچھ تصاویر شیئر کیں اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور کوچ راہول دراویڈ کے علاوہ ساتھی کھلاڑیوں اور دیگر نے بھی ویراٹ کوہلی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی اس وقت ٹیم کے ہمراہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کل زمبابوے کے خلاف اپنا آخری لیگ میاچ کھیلے گی۔