کیمرہ میں قید: ٹول پلازہ پر ایمبولینس کو بھیانک حادثہ، 4 افراد ہلاک
یہ واقعہ ٹول بوتھ پر ایک سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیلی سڑک پر یہ ہولناک حادثہ کس طرح پیش آیا؟ اس موقع پر وہاں زبردست بارش ہورہی تھی۔

بنگلورو: کرناٹک کے اُڈپی ضلع میں ایک مریض اور دو اٹینڈنٹس کو لے جانے والی ایمبولینس کنٹرول کھو بیٹھی اور ایک ٹول بوتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں ایمبولینس میں موجود تینوں افراد اور ٹول پلازہ کے ایک ملازم کی موت واقع ہوگئی جبکہ ایمبولینس ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ چہارشنبہ کی سہ پہر 4 بجے پیش آیا۔
یہ واقعہ ٹول بوتھ پر ایک سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیلی سڑک پر یہ ہولناک حادثہ کس طرح پیش آیا؟ اس موقع پر وہاں زبردست بارش ہورہی تھی۔
فوٹیج میں، کچھ لوگ جو سیکورٹی گارڈز اور ٹول آپریٹر نظر آتے ہیں، ایمبولینس کی آواز سن کر ایک لین سے تین پلاسٹک کی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے دوڑتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گارڈ ٹول پلازہ کے داخلے سے پہلے موجود دو رکاوٹوں کو کامیابی سے ہٹا رہا ہے۔ لیکن آخری رکاوٹ بوم بیریئر کے قریب ہے، جسے ایک آدمی نکالنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، مگر وہ بروقت وہاں سے ہٹ نہیں پاتا اور شاید یہی وجہ تھی کہ ایمبولینس ڈرائیور کی توجہ منتشر ہوگئی اور اس نے بریک لگانے کی کوشش کی تاہم گیلی سڑک پر تیز رفتار ایمبولینس کو اچانک بریک لگانے کی یہ کوشش انتہائی خطرناک ثابت ہوئی اور ٹول پلازہ میں داخل ہوتے ہوتے ایمبولینس پھسل کر بھیانک حادثہ سے دوچار ہوگئی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ پہیئوں کی گرفت کھو جانے کے بعد ایمبولینس گیلی سڑک پر حادثہ کا شکار ہوئی۔
بعدازاں ایک اور ویڈیو منظر عام پر آیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹول پلازہ کی اس لین پر ایک جانور (جو شاید گائے یا بیل یا بھینس ہو) آرام سے بیٹھا ہوا ہے۔ ایک ملازم جانور کو وہاں سے بھگانے کی کوشش کرتا ہے جس پر وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے، تاہم اس وقت تک ایمبولینس، پلازہ میں داخل ہوچکی ہوتی ہے۔
دراصل ڈرائیور کے سامنے ٹول پلازہ کے ملازم کے علاوہ ایک جانور بھی تھا جنہیں بچانے کے لئے اس نے بریک اپلائی کئے ہوں گے۔ تاہم ایمبولینس خطرناک حادثہ سے دوچار ہوگئی۔ حادثہ میں ایمبولینس میں سوار تین افراد بشمول مریض کے علاوہ ٹول پلازہ کا ملازم ہلاک ہوگئے تاہم جانور کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔