حیدرآباد

کے سی آر عنقریب نئی قومی سیاسی جماعت کااعلان کریں گے

کے سی آر کے قومی سیاست میں داخلہ کایہ صحیح اور مناسب وقت ہے۔ اپوزیشن جماعت کے طورپرکانگریس اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ کانگریس‘ اندرونی خلفشارسے دوچار ہے۔

حیدرآباد: حکمراں جماعت ٹی آرایس کے سربراہ و چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤبہت جلد نئی قومی سیاسی جماعت متعارف کرائیں گے۔قومی ریاست میں کے سی آر کے داخلہ کارسمی اعلان عنقریب کیاجائے گا۔ اس تاریخ سازتقریب کا مقام حیدرآبادہی رہے گا۔

نئی قومی جماعت کی تشکیل کے بعدبھی کے سی آر‘تلنگانہ کے چیف منسٹررہیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کیلئے کے چندرشیکھرراؤپر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

 ریاست کے چیف منسٹراورٹی آرایس سپریمہ کی حیثیت سے قومی سیاسی جماعت تشکیل دینے کیلئے کے سی آر پرمختلف گوشوں کا جن میں دانشور‘ وکلاء‘ سیول سروینٹس‘موظف ججس‘ سینئر سیاستداں شامل ہیں‘ دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ پارٹی قائدین اور کارکن بھی کے سی آر سے قومی سیاست میں سرگرم حصہ لینے کی خواہش کرر ہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کے حربو ں اور ہتھکنڈوں سے ملک کو بچانے کیلئے کے سی آر کوذمہ داری قبول کرنے کے لئے ان پر متفقہ طورپر دباؤ بنایا جارہاہے۔پارٹی قائد جی سکھیندر ریڈی نے کہاہے کہ ملک کی نظریں کے سی آر کی قیادت پرمرکوزہیں۔

 کے سی آر کے قومی سیاست میں داخلہ کایہ صحیح اور مناسب وقت ہے۔ اپوزیشن جماعت کے طورپرکانگریس اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ کانگریس‘ اندرونی خلفشارسے دوچار ہے۔ ایسے میں کے چندرشیکھرراؤ کوقومی سیاست میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے کی ضرورت ہے۔