شمالی بھارت

 یوپی میں سڑک کنارے نماز ادا کرنے والے پولیس کے حوالے

اجمیر جارہے 18 افراد سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے کی شکایت کے ساتھ اتوار کی رات تلہر پولیس اسٹیشن لائے گئے تھے۔ انہیں تحریری معذرت لینے اور چالان جاری کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

شاہجہاں پور(یوپی): مغربی بنگال کے ایک گروپ کو سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے پر وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) والوں نے پولیس کے حوالہ کردیا تھا۔ یہ واقعہ اتوار کی شام کا ہے لیکن منگل کے دن سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اس کا پتہ چلا۔

 یہ گروپ اجمیر (راجستھان) جارہا تھا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سنجیو واجپائی نے چہارشنبہ کے دن پی ٹی آئی سے کہا کہ اجمیر جارہے 18  افراد سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے کی شکایت کے ساتھ اتوار کی رات تلہر پولیس اسٹیشن لائے گئے تھے۔ انہیں تحریری معذرت لینے اور چالان جاری کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

اسی دوران وی ایچ پی کے مقامی قائد راجیش اوستھی نے جس نے پولیس کو معاملہ کی اطلاع دی تھی کہا کہ میں کسی کام سے جارہا تھا کہ میری نظر سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے والوں پر پڑی۔ میں نے ان سے کہا کہ تم لوگ یوگی آدتیہ ناتھ کے اترپردیش میں ہو جہاں کھلے میں نماز پڑھنا منع ہے۔

سوشل میڈیا پر آنے والے ایک ویڈیو میں وی ایچ پی ارکان کو بس کے بعض مسافرین سے یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ کان پکڑو اور معافی مانگو۔ واقعہ کے بعد بس اپنے تمام مسافرین کے ساتھ اجمیر روانہ ہوگئی۔

a3w
a3w