نئی دہلی: کانگریس قائد احمدپٹیل مرحوم کی بیٹی ممتازپٹیل نے ہفتہ کے دن گجرات ایس آئی ٹی کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ مرحوم کا نام اپوزیشن کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیاجارہا ہے۔
ممتاز نے ٹوئٹ کیاکہ میرے خیال میں احمدپٹیل مرحوم کے نام میں اب بھی اتنی جان ہے کہ اسے اپوزیشن کو بدنام کرنے کی سازشوں کیلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔ مرحوم کی لڑکی نے سوال کیاکہ یوپی اے دور میں تیستاسیتلواد کو کیوں نہیں نوازاگیا؟ اسے راجیہ سبھا کی رکن کیوں نہیں بنایاگیا؟
مرکز نے 2020 تک میرے والد کے خلاف ایسی بڑی سازش کیلئے کاروائی کیوں نہیں کی؟ احمدپٹیل کا نام گھیسٹتے ہوئے بی جے پی والوں کی گجرات الیکشن مہم شروع ہوچکی ہے۔ احمدپٹیل کی زندگی میں بھی ایسا ہواتھا اور اب وفات کے بعد بھی ایسا ہی ہورہا ہے۔
قبل ازیں کانگریس نے ایس آئی ٹی کے اس الزام کو شرانگیز اور من گھڑت قراردے کر خارج کردیاکہ احمدپٹیل نے تیستاکو پیسہ دیاتھا اور اس وقت کے چیف منسٹر نریندرمودی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی سازش کی تھی۔