گھر جانے کے لئے ایک شخص نے آر ٹی سی بس چرالی
اگلی صبح ڈرائیور بس کے غائب ہونے پر حیران رہ گیا۔ اس نے ڈپو اہلکاروں کو آگاہ کیا، جنہوں نے علاقے میں گاڑی کی تلاش کی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
امراوتی: آندھرا پردیش کے وجیا نگرم ضلع میں ایک شخص نے گھر پہنچنے کے لیے آندھراپردیش آر ٹی سی کی بس کا ہی سرقہ کرلیا۔
آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کے پالاکونڈا ڈپو سے تعلق رکھنے والی مسروقہ بس منگل کو کنڈیسا گاؤں میں کارپوریشن کے اہلکاروں کے ساتھ پولیس کی کئی گھنٹے کی تلاش کے بعد ملی۔
یہ طلباء کی خصوصی بس تھی جو پیر کی رات ونگارا منڈل ہیڈکوارٹر سے اس وقت چوری ہوئی جب ڈرائیور نے گاڑی وہاں پارک کی تھی۔
پولیس کے مطابق یہ بس راجم سے گاؤں آئی تھی اور طلبہ کو اتارنے کے بعد ڈرائیور نے اسے ونگارا تھانے کے سامنے چھوڑ دیا تھا۔
اگلی صبح ڈرائیور بس کے غائب ہونے پر حیران رہ گیا۔ اس نے ڈپو اہلکاروں کو آگاہ کیا، جنہوں نے علاقے میں گاڑی کی تلاش کی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
اس کے بعد اے پی ایس آر ٹی سی کے عہدیداروں نے ونگارا پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے اے پی ایس آر ٹی سی عملہ کی مدد سے آس پاس کے دیہاتوں میں بس کی تلاشی شروع کی۔
کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد انہیں اطلاع ملی کہ بس ریگیڈی امادالاوالسا منڈل (بلاک) کے میسلا ڈولاپیٹ میں مل گئی ہے۔
ونگارا کے پولیس اہلکار وہاں پہنچے اور فنگر پرنٹس لینے اور رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بس کو ونگارا لے آئے۔
اس کے بعد چند مشتبہ افراد کو پولیس نے پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ایک شخص چودھری سریش نے اعتراف کیا کہ اس نے ہی بس چوری کی تھی۔
اس نے پولیس کو بتایا کہ راجم سے دوسری بس کے ذریعے ونگارا پہنچنے کے بعد اسے اپنے گاؤں جانے کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ نہیں ملا۔ اسے وہاں ایک بس کھڑی نظر آئی اور اسے لے کر گھر پہنچ گیا۔ اس نے بتایا کہ اس نے نشے کی حالت میں چوری کی واردات انجام دی۔
سریش کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔