امریکہ و کینیڈا

گہرے زخموں کے سبب ٹرمپ کی اہلیہ ایوانا ٹرمپ کی موت ہوئی

ذرائع نے ٹرمپ کی تین بچوں کی ماں کی موت کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ وہ نیویارک شہر میں اپنے گھر میں سیڑھیوں کے نیچے بے ہوش پائی گئیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ سیڑھیوں سے گر گئی ہوں گی۔

واشنگٹن: نیویارک کے معالجین نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پہلی سابقہ اہلیہ ایوانا ٹرمپ کی موت شدید چوٹ کے باعث ہوئی۔ ذرائع نے ٹرمپ کی تین بچوں کی ماں کی موت کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ وہ نیویارک شہر میں اپنے گھر میں سیڑھیوں کے نیچے بے ہوش پائی گئیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ سیڑھیوں سے گر گئی ہوں گی۔

 پولیس کا خیال ہے کہ ان کی موت کسی حادثے کی وجہ سے ہوئی ہوگی۔ ڈاکٹروں نے بعد میں اطلاع دی کہ محترمہ ٹرمپ کی موت شدید زخموں سے ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھاکہ ’’وہ ایک خوبصورت حیرت انگیز خاتون تھیں جنہوں نے ایک شاندار اور متاثر کن زندگی گزاری۔‘‘

سابق چیکوسلواکیہ میں کمیونسٹ حکمرانی کے تحت پرورش پانے والی محترمہ ٹرمپ نے 1977 میں سابق صدر کے ساتھ شادی کی تھی اور 15 سال بعد 1992 میں علیحدگی اختیار کر لی۔ 1980 اور 1990 کی دہائی میں ان دونوں کی جوڑی نیویارک کی مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل تھی اور ان دنوں ان کے درمیان فاصلے نے کافی سرخیاں بٹوری تھیں۔

علیحدگی کے بعد ٹرمپ نے بیوٹی پراڈکٹس، کپڑوں اور جیولری کے پیشوں میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے علاوہ کئی کتابیں بھی لکھیں۔ انہوں نے سال 2017 میں شائع ہونے والی اپنی یادداشت ‘رائزنگ ٹرمپ’ میں اپنے تین بچوں کی پرورش کا ذکر کیا تھا۔ ان کے خاندان سے وابستہ بہت سے لوگوں اور جاننے والوں نے محترمہ ٹرمپ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیاہے۔