کھیل

ہند۔جنوبی افریقہ پہلا ٹی ٹوئنٹی غیریقینی کا شکار

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 28 ستمبر سے 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تھرواننتھا پورم کے شاندار گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تھرواننتاپورم: ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 28 ستمبر سے 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تھرواننتھا پورم کے شاندار گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس میچ پر بحران کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ میچ سے پہلے کیرالہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ بجلی کے بقایا بل کو لے کر پریشان ہے۔ شاندار گرین فیلڈ اسٹیڈیم ہندوستان کے خلاف پہلے میچ کیلئے دورہ کرنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے تیار ہے۔

لیکن کیرالہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ نے بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی کی سپلائی کاٹ دی ہے۔ شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 28 ستمبر سے یہاں شروع ہو رہا ہے۔ الکٹریسٹی بورڈ کے 2.50 کروڑ روپے کے واجبات کے ساتھ کیرالہ واٹر اتھارٹی بھی پانی کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔

اگر دیکھا جائے تو خراب مالی حالت کی وجہ سے اسٹیڈیم مالکان کیلئے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔ اس میں کورونا کی وبا نے بھی اہم کردار ادا کیاہے۔ کیرالہ کرکٹ اسوسی ایشن اس میگا ایونٹ کی میزبانی کررہی ہے جہاں تقریباً 50,000 شائقین کی ریکارڈ ہجوم کی توقع ہے۔

لیکن میچ سے پہلے کے سی اے نے ان مسائل پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ اسٹیڈیم کی بجلی خراب ہونے کے بعد اس کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس بلایا گیا۔ کے سی اے کو امید ہے کہ معاملات ٹھیک ہو جائیں گے اور بجلی جلد بحال ہو جائے گی۔ کیونکہ کے سی اے کو ریاستی حکومت کی مداخلت کی توقع ہے۔

اب تک گرین فیلڈ اسٹیڈیم نے چار ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کی ہے جس میں ہندوستان کا 3-1 سے جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ ہوم ٹیم کو یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری میچ میں شکست ہوئی تھی۔ اسٹیڈیم کی بات کریں تو اسے 2015 کے نیشنل گیمز کیلئے قائم کیاگیاتھا۔