ہند۔پاک مقابلہ میں سنی دیول، ’میں تارا سنگھ بن جاؤں گا‘ میچ کی غدر انداز میں تشہیر
دنیا بھر کے کرکٹ شائقین پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچ کا انتظار کررہے ہیں۔ بالی ووڈ بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے۔ اس بار تجربہ کار اداکار سنی دیول اس مقابلہ کے دوران ٹی وی پر نظر آنے والے ہیں۔
ممبئی: ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں تقریباً ایک سال بعد آمنے سامنے ہونے جارہی ہیں۔ دونوں ٹیمیں آئندہ ایشیا کپ میں ٹکرائیں گی۔ یہ میچ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلا جائے گا۔
دنیا بھر کے کرکٹ شائقین پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچ کا انتظار کررہے ہیں۔ بالی ووڈ بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے۔ اس بار تجربہ کار اداکار سنی دیول اس مقابلہ کے دوران ٹی وی پر نظر آنے والے ہیں۔
اپنی حالیہ فلم غدر۔2 سے سرخیوں میں آنے والے سنی دیول ایشیا کپ کے براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس پر نظر آئیں گے۔
اسٹار اسپورٹس نے ایک پرومو جاری کیاہے جس میں انہوں نے کہاکہ وہ میچ کے دوران تارا سنگھ بن کر بغاوت کریں گے۔ انہوں نے اپنی فلم غدر ایک پریم کتھا اور غدر۔2 میں تارا سنگھ کا کردار ادا کیاہے۔
سنی دیول نے ویڈیو میں کہا کہ ’ایشیا کپ میں ہند۔ پاک میچ سے قبل سنی دیول موجود ہیں لیکن یہ سخت مقابلہ شروع ہوتے ہی میں تارا سنگھ بن جاؤں گا‘۔ سنی دیول نے مزید کہاکہ اگر آپ اس میچ میں بغاوت کرنا چاہتے ہیں تو ٹیم انڈیا کیلئے ہاتھ اٹھائیں اور ٹیم انڈیا کا جوش بڑھائیں۔
پرومو میں ہند۔پاک میچ کے پرانے کلپس نظر آرہے ہیں۔ کپتان روہت شرما اور تجربہ کار بلے باز ویراٹ کوہلی بیٹنگ کرتے نظر آرہے ہیں۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ پاکستانی کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے نظر آرہے ہیں۔
اس کے علاوہ آپس میں تصادم ہوتے نظر آتے ہیں۔ بی سی سی آئی کے سکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے 19 جولائی کو ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیاتھا۔
ٹورنامنٹ 30 اگست سے شروع ہوگا۔ چار میچ پاکستان اور نو سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان کا پہلا میچ 2 ستمبر کو پاکستان کے خلاف ہوگا۔ ہندوستان گروپ اے میں ہے۔
پاکستان اور نیپال بھی اس کے ساتھ ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان ہیں۔ دونوں گروپوں کی دو ٹاپ ٹیمیں سوپر 4 راؤنڈ میں پہنچ جائیں گی۔ وہاں سے دو ٹیمیں براہ راست فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔