یوپی میں غریب لڑکیوں کو شادی کے لیے 20 ہزار روپئے کی امداد
اترپردیش میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) زمرہ سے تعلق رکھنے والی تقریباً 37,500 لڑکیوں کو اُن کی شادی کے موقع پر 20 ہزار روپئے فی کس دیئے جائیں گے۔
لکھنؤ: اترپردیش میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) زمرہ سے تعلق رکھنے والی تقریباً 37,500 لڑکیوں کو اُن کی شادی کے موقع پر 20 ہزار روپئے فی کس دیئے جائیں گے۔
اس مقصد کے لیے محکمہ برائے بہبودی پسماندہ طبقات نے 75 کروڑ روپئے کا فنڈ مختص کیا ہے۔
اترپردیش کے ریاستی وزیر برائے بہبودی پسماندہ طبقات اور معذورین کی بااختیاری (آزادانہ چارج) نریندر کشیپ نے کہا ہے کہ نشاندہی کی گئی ان لڑکیوں کو جن کے والدین کی آمدنی سالانہ ڈھائی لاکھ روپئے سے زیادہ نہیں، حکومت امداد فراہم کرے گی۔
محکمہ نے امداد کی فراہمی کے لیے شادی سے پہلے یا بعد 90 دن کی مدت مقرر کی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اُن کے محکموں کی اسکیمات سے استفادہ کنندگان کو یہ آگہی حاصل نہیں ہے کہ وہ کس چیز کے حقدار ہیں۔
معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے کئی اسکیمات موجود ہیں۔ انہیں جلد از جلد روبہ عمل لانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
کمپیوٹر ٹریننگ اسکیمات اور ہاسٹل کی تعمیرات کے منصوبوں کو بھی معذور افراد میں مقبول بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ ان سے استفادہ کرسکیں۔ ان اسکیموں میں دیویانگ جن مینٹیننس اسکیم، لپرسی پنشن اسکیم اور مصنوعی اعضاء کی تنصیب جیسی اسکیمات شامل ہیں۔