یکساں سیول کوڈ مسئلہ، جمعیت علمائے ہند کا ملک بھر میں جمعہ کو یوم دعا
جمعیت علمائے ہند‘ یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) مسئلہ پر جمعہ کو ”یوم ِ دعا“ منانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مقامی کمیونٹی گروپس‘ علماء اور ائمہ مساجد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
آگرہ: جمعیت علمائے ہند‘ یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) مسئلہ پر جمعہ کو ”یوم ِ دعا“ منانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مقامی کمیونٹی گروپس‘ علماء اور ائمہ مساجد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
جنرل سکریٹری جمعیت علمائے ہند حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ہم امن و اتحاد کے لئے یوم ِ دعا منانے والے ہیں۔ جمعیت کے یوپی سکریٹری قاری ذاکر حسین قاسمی نے کہا کہ ہم یکساں سیول کوڈ قبول نہیں کریں گے۔ جمعہ کے دن ملک بھر کی مساجد میں ائمہ‘ نماز سے قبل یکساں سیول کوڈ پر خطاب کریں گے۔
ایک مقامی امام نے چہارشنبہ کے دن بتایا کہ علماء نے ہم سے کہا ہے کہ ہم نماز ِ جمعہ سے قبل یکساں سیول کوڈ پر اظہارِ خیال کریں اور ہم اس کی تیاری کررہے ہیں۔
جمعیت‘ یکساں سیول کوڈ مسئلہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے رجوع کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔
وہ تمام چیف منسٹرس اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو مکتوب روانہ کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔ عوامی احتجاج نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔