دہلی

12فیصد راجیہ سبھا ارکان ارب پتی، اے پی و تلنگانہ ایم پیز کی اکثریت

12فیصد راجیہ سبھا ارکان ارب پتی، اے پی و تلنگانہ ایم پیز کی اکثریت

نئی دہلی: راجیہ سبھا کے موجودہ ارکان پارلیمنٹ میں سے تقریباً 12 فیصد ارکان ارب پتی ہیں جن میں اکثریت کا تعلق آندھراپردیش اور تلنگانہ سے بتایا جاتا ہے۔

ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی۔ اے ڈی آر اور نیشنل الیکشن واچ (نیو) نے راجیہ سبھا کے 233 ممبران میں سے 225 کے مجرمانہ، مالی اور دیگر پس منظر کی تفصیلات کا تجزیہ اور اپ ڈیٹ پیش کیا ہے۔ موجودہ راجیہ سبھا میں ایک سیٹ خالی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے 11 میں سے 5 ایم پیز، تلنگانہ کے 7 ایم پیز میں سے 3، مہاراشٹر کے 19 ایم پیز میں سے 3، دہلی کے 3 ایم پیز میں سے 1، پنجاب کے 7 ارکان پارلیمنٹ میں سے 2، ہریانہ کے 5 ارکان پارلیمنٹ میں سے 1 اور مدھیہ پردیش کے 11 ممبران پارلیمنٹ میں سے 2 نے فی کس 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کا اعلان کیا ہے۔

تلنگانہ کے 7 ممبران پارلیمنٹ (ایم پیز) کے جملہ اثاثوں کا تجزیہ 5,596 کروڑ روپے کیا گیا ہے جبکہ آندھرا پردیش کے 11 ممبران پارلیمنٹ کے جملہ اثاثے 3,823 کروڑ روپے بتائے جاتے ہیں۔ اتر پردیش کے 30 ممبران پارلیمنٹ کے کل اثاثوں کی مالیت 1,941 کروڑ بتائی گئی ہے۔

راجیہ سبھا کے موجودہ 225 ممبران پارلیمنٹ میں سے 75 نے اپنے خلاف فوجداری (مجرمانہ) مقدمات کا اقرار کیا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 41 ارکان نے سنگین فوجداری مقدمات کا اعتراف کیا ہے اور دو ممبران نے اپنے خلاف قتل کے مقدمات زیردوران ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

اسی طرح راجیہ سبھا کے 4 ارکان نے خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کا اقرار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کے خلاف اس سلسلہ میں مقدمات درج ہیں۔ 4 ممبران پارلیمنٹ میں سے ایک راجیہ سبھا کے موجودہ ممبر – کانگریس کے کے سی۔ راجستھان کے وینوگوپال نے عصمت دری سے متعلق کیس (آئی پی سی سیکشن 376) کا اعلان کیا ہے۔

بی جے پی کے 85 راجیہ سبھا ارکان میں سے 23، کانگریس کے 30 میں سے 12، ترنمول کانگریس کے 13 میں سے 4، آر جے ڈی کے 6 میں سے 5، سی پی آئی (ایم) کے 5 میں سے 4، عام آدمی پارٹی کے 10 میں سے 3، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے 9 میں سے 3 اور این سی پی کے 3 میں سے 2 راجیہ سبھا ارکان نے اپنے حلف ناموں میں اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے۔