گستاخانہ تبصرہ کرنے والے شخص کے خلاف نعرہ بازی، 12افراد پر مقدمہ(ویڈیوز)
پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐ کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر ایک تجارتی تنظیم کے عہدیدار کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کے دوران نعرہ بازی کرنے پر 12 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

شراوستی(یوپی)(پی ٹی آئی) پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐ کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر ایک تجارتی تنظیم کے عہدیدار کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کے دوران نعرہ بازی کرنے پر 12 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
چہارشنبہ کے روز ایکاونا پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 196 (مذہب اور نسل وغیرہ کی بنیاد پر مختلف فرقوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایس ایچ او اشوینی کمار دوبے نے یہ بات بتائی۔ دوبے نے کہا کہ پولیس اسٹیشن کے باہر نعرہ بازی کرنے والے بیشتر افراد کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ شناخت کرلی گئی ہے۔
عبدالطیف نامی ایک شخص نے منگل کے روز اترپردیش ویاپار منڈل کے ڈیویژنل صدر کنہیا کساؤدھن کے خلاف شکایت درج کرائی تھی اور الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پیغمبر اسلامؐ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔
اشوینی کمار دوبے نے بتایا کہ کساؤدھن کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 299 (کسی طبقہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے تحریری یا زبانی تبصرہ کرنے کی دانستہ اور نفرت انگیز حرکت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس ایف آئی آر کے بعد بعض افراد نے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج منظم کیا اور کنہیا کساؤدھن کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کیسس کی تحقیقات جاری ہیں۔