12 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی نے شرمسار کردیا
کانگریس نے ایک ذہنی معذور لڑکی پر جنسی حملہ کے سلسلہ میں مدھیہ پردیش کی شیو راج سنگھ چوہان زیرقیادت بی جے پی حکومت کو آج نشانہ تنقید بنایا۔
نئی دہلی: کانگریس نے ایک ذہنی معذور لڑکی پر جنسی حملہ کے سلسلہ میں مدھیہ پردیش کی شیو راج سنگھ چوہان زیرقیادت بی جے پی حکومت کو آج نشانہ تنقید بنایا۔
اس نے کہا کہ اس واقعہ نے ریاست کو شرمسار کردیا ہے اور بی جے پی حکومت نے اسے ملک کی سب سے غیرمحفوظ ریاست بنا دیا ہے۔
چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان اور ریاستی بی جے پی حکومت کو X پر اپنے ایک پوسٹ میں نشانہ تنقید بناتے ہوئے کانگریس کے ریاستی انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ اُجین کے مہاکال پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک کمسن لڑکی کے ساتھ ظلم کا عظیم گناہ کیا گیا ہے۔
غیرمؤثر بی جے پی حکومت کے تحت پولیس اسٹیشن کے قریب ایک 12 سالہ لڑکی نربھئے جیسی بربریت کا شکار بنی ہے۔ ظلم کا شکار ہونے کے باوجود خون میں لت پت لڑکی نیم برہنہ حالت میں ڈھائی گھنٹوں تک سڑکوں پر گھومتی رہی لیکن شیو راج حکومت کی پولیس اور پوری حکومت محو ِ خواب رہی۔
لڑکی نے اپنی ماں کے ساتھ بھی کسی غلط واقعہ کے بارے میں بتایا ہے، لیکن ابھی تک پولیس کو اس کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ اس دلسوز واقعہ نے ایک بار پھر حکومت ِ مدھیہ پردیش اور سارے ملک کو شرمسار کردیا ہے۔
خواتین کے ساتھ جرائم کے معاملہ میں چیف منسٹر شیو راج اور بی جے پی حکومت جنھوں نے مدھیہ پردیش کو ملک کی انتہائی غیر محفوظ ریاست بنا دیا ہے، یہاں بیٹیوں کے لیے جھوٹے وعدوں اور جھوٹے دعوؤں کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ شیو راج جی آپ کو شرم آنی چاہیے۔