ڈگ وجئے سنگھ‘ کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑیں گے
مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر 30 ستمبر کو نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔ کانگریس کا ابتدائی منصوبہ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت کو میدان میں اتارنے کا تھا لیکن راجستھان کے سیاسی ڈرامہ نے گاندھی خاندان کو ناراض کردیا۔
نئی دہلی: کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے پارٹی کے صدارتی الیکشن کے لئے نامزدگی داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے قریبی ذرائع نے چہارشنبہ کے دن بتایا کہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ ان کا نجی فیصلہ ہے۔ گاندھی خاندان کے کسی بھی فرد نے ان سے ایسا کرنے کو نہیں کہا ہے۔
مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر 30 ستمبر کو نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔ کانگریس کا ابتدائی منصوبہ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت کو میدان میں اتارنے کا تھا لیکن راجستھان کے سیاسی ڈرامہ نے گاندھی خاندان کو ناراض کردیا۔
کانگریس کے خازن پون کمار بنسل‘ پارٹی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی سے نامزدگی لے چکے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ صرف پروپوزر ہیں‘ امیدوار نہیں۔ صدرنشین سنٹرل الیکشن اتھاریٹی مدھوسدن مستری نے منگل کے دن کہا تھا کہ تاحال ششی تھرور اورپون بنسل نے نامزدگی لی ہے۔
سینئر کانگریس قائد کمل ناتھ کا نام بھی سامنے آیا تھا تاہم انہوں نے واضح کردیا ہے کہ وہ پارٹی صدر بننا نہیں چاہتے۔ وہ مدھیہ پردیش میں ہی رہ کر پارٹی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔