"جے شری رام” کا نعرہ نہ لگانے پر 13 سالہ مسلم لڑکے پر حملہ
کانپور کے مہاراج پور تھانہ علاقے میں جمعرات کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 13 سالہ مسلم لڑکے کو تین نابالغ لڑکوں نے اس لیے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا کیونکہ اُس نے "جے شری رام" کا نعرہ لگانے سے انکار کر دیا۔

لکھنو: کانپور کے مہاراج پور تھانہ علاقے میں جمعرات کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 13 سالہ مسلم لڑکے کو تین نابالغ لڑکوں نے اس لیے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا کیونکہ اُس نے "جے شری رام” کا نعرہ لگانے سے انکار کر دیا۔
متاثرہ لڑکے کے مطابق، جب وہ اپنے گھر کے قریب واقع بس اسٹاپ کی طرف جا رہا تھا، تو سارسول علاقہ میں تین لڑکوں نے اُسے راستے میں روکا۔ انہوں نے پہلے اُسے مجبور کیا کہ وہ اُن کے پاؤں چھوئے اور جھک کر سلام کرے۔ لڑکے کے انکار پر، اُنہوں نے اُسے "جے شری رام” کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔
جب لڑکے نے اس مطالبے سے بھی انکار کیا تو اُن میں سے ایک نے شیشے کی بوتل توڑ کر اُس کی بائیں ٹانگ پر وار کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ خون میں لت پت لڑکا کسی طرح اپنے گھر پہنچا اور افراد خاندان کو ساری صورتِ حال سے واقف کروایا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر لڑکے کے دادا نے فوری طور پر مقامی تھانے میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
چاکری کے اے سی پی، سُمت رامٹیک نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
متاثرہ لڑکے نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسے اکثر اپنی مقامی بستی میں ایسے نفرت پر مبنی واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔