قومی

صرف 500 ڈالر میں 4 ہزار اگنی ویروں کا ڈیٹا فروخت کرنے کی کوشش، 14 سالہ لڑکا گرفتار

دہلی پولیس کے مطابق ہریانہ کے بلبھ گڑھ سے تعلق رکھنے والے نابالغ نے ایک ویب سائٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے تقریباً 4 ہزار اگنی ویروں کی معلومات حاصل کیں اور ڈارک ویب پر انہیں فروخت کرنے کی پیشکش کی۔ تحقیقات میں اے آئی ٹولز کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ہریانہ کے بلبھ گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک 14 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک ویب سائٹ ہیک کرکے تقریباً 4 ہزار اگنی ویروں سے متعلق حساس معلومات حاصل کیں اور انہیں 500 امریکی ڈالر میں ڈارک ویب پر فروخت کرنے کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق تفتیش کاروں نے پایا کہ نابالغ لڑکے نے ایک ٹیسٹ ویب سائٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کی تھی۔ یہ ویب سائٹ سابق اگنی ویروں کی رجسٹریشن اور دیگر سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے لیے تیار کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کے بعد لڑکے نے مبینہ طور پر وہاں سے معلومات نکالیں اور ڈارک ویب پر ایک اشتہار شائع کیا۔

اس میں اس نے تقریباً 4 ہزار اگنی ویروں کا ذاتی ڈیٹا اپنے پاس ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے 500 ڈالر میں فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز کا استعمال کیا گیا تھا۔

تاہم ویب سائٹ کی سکیورٹی میں نقب لگانے کے اصل طریقے کی جانچ کی جارہی ہے۔دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوڑن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او) یونٹ نے نابالغ کے ڈیجیٹل آلات سے ڈیٹا برآمد کرلیا ہے۔ اب تفتیش کار اس مواد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ اس میں موجود معلومات حقیقی ہیں یا نہیں اور ویب سائٹ کی سکیورٹی میں نقب لگنے کا دائرہ کتنا وسیع ہے۔

پولیس نے برآمد شدہ معلومات کی تصدیق اور ان کا موازنہ کرنے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ سے اگنی ویروں کا سرکاری ڈیٹا بیس بھی طلب کیا ہے۔حکام کے مطابق نابالغ کو حراست میں لے کر قانون کے مطابق پوچھ گچھ کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد اسے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ویب سائٹ تک رسائی کس طرح حاصل کی گئی، آیا لڑکے کے ڈیجیٹل آلات سے برآمد ہونے والے ڈیٹا کے علاوہ بھی کوئی معلومات افشا ہوئی ہیں اور کیا کسی تیسرے فریق نے مبینہ ڈیٹا بیس خریدا یا اس تک رسائی حاصل کی۔اس واقعے نے اگنی ویروں سے متعلق معلومات رکھنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی سکیورٹی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

پولیس اب مبینہ ڈیٹا چوری کی نوعیت اور اس کے اصل دائرے کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے جون 2022 میں اگنی پتھ بھرتی اسکیم شروع کی تھی، جس کے تحت فوج، بحریہ اور فضائیہ میں چار سالہ مدت کے لیے اہلکاروں کی بھرتی کی جاتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والوں کو اگنی ویر کہا جاتا ہے۔ انہیں متعلقہ فوجی خدمات میں تعیناتی سے قبل تربیت دی جاتی ہے۔